کسان مولہو کا کہنا ہے کہ ’’یہ بل دیکھ کر مجھے ہارٹ اٹیک آنے والا تھا۔ میری ایک بیٹی ہے اس کی شادی کیسے ہوگی؟ ہم جیسی غریب فیملی کے لیے اتنے بڑے بل کی ادائیگی ناممکن ہے۔‘‘
ریاست اترپردیش کے بستی ضلع سے ایک حیرت انگیز خبر سامنے آ رہی ہے، جہاں صرف ایک بلب اور پنکھے کا بجلی بل 7 کروڑ روپے آیا ہے۔ محکمہ بجلی کی اس لاپرواہی نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ یہ حیرت انگیز معاملہ بستی ضلع کے ہریّا بجلی سب اسٹیشن کے کیشوپور فیڈر واقع رامیا گاؤں کا ہے۔ مولہو نام کے کسان کو اتنی بڑی رقم کا بجلی بل بھیجا گیا ہے۔ اگر وہ اپنی پوری جائیداد فروخت کر دے تو بھی اس رقم کو ادا نہیں کر سکتا۔ کسان نے اس بل کے حوالے سے کہا کہ اس کے گھر میں صرف ایک پنکھا اور بلب جلتا ہے، پھر بھی اتنا زیادہ بجلی بل آیا ہے جو اس کی سمجھ سے بالاتر ہے۔
واضح ہو کہ اتنی بڑی رقم کا بجلی بل دیکھ کر کسان خاصا پریشان ہو گیا اور مسلسل محکمہ بجلی کا چکر لگانے پر مجبور ہوا۔ پریشان کسان نے محکمہ کے کئی چکر لگائے لیکن اس کی کوئی مدد نہیں ہوئی۔ پھر اس نے اپنے دکھ کا اظہار سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بیان کیا جو جلد ہی موضوع بحث بن گیا۔ سوشل میڈیا پر معاملے نے اتنا طول پکڑ لیا کہ اس کی خبر ریاست کے وزیر توانائی اے کے شرما تک پہنچ گئی۔ وزیر نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری طور پر تحقیقات کا حکم دیا۔ علاوہ ازیں وزیر توانائی نے کہا کہ یہ محکمہ کی بہت بڑی لاپرواہی تھی جسے جلد ہی ٹھیک کیا جائے گا۔ ساتھ ہی ایک افسر دیپک تیواری کو معطل بھی کر دیا۔
کسان مولہو نے 2014 میں ایک کلوواٹ کا بجلی کنیکشن لیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ دسمبر 2024 میں اس کا بقایہ بل 75 ہزار روپے تھا لیکن ایک ماہ بعد اس کے پاس 7.33 کروڑ روپے کا بل آ گیا۔ کسان مولہو نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’’یہ بل دیکھ کر مجھے ہارٹ اٹیک آنے والا تھا۔ میری ایک بیٹی ہے اس کی شادی کیسے ہوگی؟ ہم جیسی غریب فیملی کے لیے اتنے بڑے بل کی ادائیگی ناممکن ہے۔‘‘ کسان مولہو کے بیٹے نے اس تعلق سے بتایا کہ انہوں نے کئی دفعہ شکایت کی لیکن کوئی سننے والا نہیں تھا۔ جب معاملے نے طول پکڑا تو سپرنٹنڈنگ انجینئر پرشانت سنگھ نے کہا کہ معاملہ ان کے علم میں آیا ہے اور جلد ہی بجلی کا بل درست کر دیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔