ملک کی راجدھانی دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں آج صبح (4 فروری) بوندا باندی ہوئی اور سرد ہوائیں چل رہی ہیں، جس سے ٹھٹھرن کا احساس ہونے لگا ہے۔ وہیں اتر پردیش کے موسم میں بھی تبدیلی ہوئی ہے۔ یہاں کئی شہروں میں پیر کی رات ہلکی بارش ہوئی جس سے ٹھنڈ میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا۔ واضح ہو کہ محکمہ موسمیات نے دہلی سمیت کئی ریاستوں میں 4-3 فروری کو بارش کا الرٹ جاری کیا تھا۔ آج بھی شمال مغربی ہند کی کئی ریاستوں میں بارش کے آثار ہیں۔
موسم کی پیش گوئی کرنے والی ایجنسی ‘اسکائی میٹ’ کے مطابق ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے کچھ علاقوں میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے جو بعد میں بڑھ سکتی ہے۔ 4 اور 5 فروری کو مغربی ہمالیائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ کچھ مقامات پر بھاری برفباری کے بھی آثار ہیں۔