کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسی-لینن کے جنرل سکریٹری دیپانکر بھٹاچاریہ نے کہا کہ منریگا کی اجرت اور اسکیم کے مزدوروں کے اعزازیہ میں اضافہ نہ کرنا بڑا گھوٹالہ ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسی-لینن (سی پی آئی ایم ایل) کے جنرل سکریٹری دیپانکر بھٹاچاریہ نے کہا کہ مودی حکومت کا بجٹ دلت مخالف، غریب مخالف، کسان مزدور مخالف اور کارپوریٹ نواز ہے۔
دیپانکر بھٹاچاریہ نے اتوار کے روز سیمانچل میں ’بدلو بہار نیاے یاترا ‘کے دوران کہا کہ مودی حکومت کا بجٹ پوری طرح سے دلت مخالف، غریب مخالف، کسان مزدور مخالف اور کارپوریٹ نواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ منریگا کی اجرت اور اسکیم کے مزدوروں کے اعزازیہ میں اضافہ نہ کرنا بڑا گھوٹالہ ہے۔ حکومت نے ملک کے کروڑوں منریگا مزدوروں کے حقوق کو مکمل طور پر نظر انداز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مارچ کو پٹنہ میں ہونے والے اجتماع سے بدلو بہار ابھیان کو نئی توانائی ملے گی اور عوام کی آواز بلند ہوگی۔
آشا ورکروں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر معاہدے کے مطابق اعزازیہ میں اضافہ نافذ نہیں کیا گیا تو اپریل میں ریاست بھر میں زبردست احتجاج کیا جائے گا۔ یاترا میں سی پی آئی-ایم ایل کے سینئر رہنما دھریندر جھا، محبوب عالم، مینا تیواری، ششی یادو، ستیہ دیو رام، رامبلی سنگھ یادو سمیت درجنوں مقامی لیڈران اور کارکنان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ محمد ارشاد، انصاف منچ کے نیاز احمد، پپو خان، ریولیوشنری نوجوان سبھا (RYA) کے قومی صدر آفتاب عالم، جمال الدین، محمد اسلام اور مختار بھی اس سفر کا حصہ ہیں۔
لیڈروں نے کہا کہ 9 مارچ کو پٹنہ میں ہونے والے اجتماع کے تعلق سے عوام میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ یہ اجتماع بدلو بہار تحریک کو فیصلہ کن موڑ دے گا اور حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بھرپور جدوجہد کی راہ ہموار کرے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔