مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، پاسداران انقلاب کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے سپاہ کے کمانڈر ان چیف میجر جنرل حسین سلامی کے ہمراہ کروز میزائل شہر کے دورے کے موقع پر کہا کہ ہم رہبر معظم انقلاب اسلامی کی ہدایت پر ایسی بحری فوج کی تشکیل کی جانب گامزن ہیں جو انقلاب اسلامی کے تقاضوں کے مطابق ہو۔ ہمارا دفاعی نظام سینکڑوں میٹر زیرزمین محفوظ ہے جو ضرورت پڑنے پر مختصر ترین وقت میں فعال ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زیرزمین میزائل شہر جس کا آج جنرل سلامی نے معائنہ کیا، متحرک لانچرز سے لیس اور بحری میزائلوں کے علاوہ ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت کارروائیوں کو انجام دینے کے لئے ساحل پر ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ دفاعی نظام گہرائی میں سینکڑوں کلومیٹر دور سے بھی مسلح کیا جاسکتا ہے؛ میزائل کے ذریعے سمندروں کی گہرائی میں اپنے اہداف کو نشانہ بناسکتا ہے۔
انہوں نے اس دفاعی نظام کی خصوصی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم دنیا میں بحری کروز میزائلوں کی جدید ترین ٹیکنالوجی کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ ان میزائلوں کی پرواز اب روایتی خطی راستے تک محدود نہیں بلکہ یہ مکمل طور پر گائیڈڈ اور انتہائی ذہین نشانہ شناسی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
پاسداران انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر نے زور دیا کہ دشمن ہماری صلاحیتوں کا غلط اندازہ نہ لگائے۔ ایرانی قوم کو یقین ہونا چاہیے کہ ملک کے بہادر سپاہی ملک کی عزت و سربلندی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔