دشمن ایران کی طاقت کے بارے میں احتیاط کے ساتھ اندازے لگائے، جنرل سلامی

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، پاسداران انقلاب کی بحریہ نے ایران کے جنوب میں ایک زیرزمین کروز میزائل سٹی اور جدید ترین  بحری کروز میزائل قدر ۳۸۰ کی رونمائی کی ہے۔ اس موقع پر سپاہ پاسداران کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے بھی اڈے کا دورہ کیا اور بحریہ کی میزائل یونٹس کی جنگی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

میجر جنرل سلامی نے رونمائی کے دوران کہا کہ یہ ہماری طاقت کی رونمائی کا ایک حصہ ہے تاکہ دشمن اپنے اندازے زیادہ درست رکھے اور اس حوالے سے کوئی غلطی نہ کرے کیونکہ اگر وہ غلطی کریں گے تو نہ صرف خود مشکل میں پڑیں گے بلکہ دوسروں کے لیے بھی مسائل پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن اگر کوئی غلط فیصلہ کرے تو یہاں موجود تمام دفاعی نظام فعال ہوجائیں گے۔ جب بھی ضرورت پڑی رہبر معظم اور ایرانی عظیم قوم کی مرضی سے ہمارے بہادر سپاہی یہ میزائل چلائیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ سپاہ پاسداران کی بحریہ کے تیار کردہ بحری کروز میزائل قدر ۳۸۰ کی رینج 1000 کلومیٹر سے زیادہ ہے۔ اس کی نمایاں خصوصیات میں اینٹی-جمینگ سسٹم، ہدف پر لگنے تک ذہانت کے ساتھ حرکت، ایک فرد کے ذریعے آپریشن کی صلاحیت اور پانچ منٹ سے کم وقت میں لانچ کی تیاری شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پاسداران انقلاب کی بحریہ نے گذشتہ مہینے میں بھی اپنی ایک اسٹریٹجک زیرزمین بیس کے کچھ حصے عوام کے سامنے پیش کیے تھے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *