جنتا دل یو رکن اسمبلی خالد انور کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار بار بار بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں، یہ مطالبہ پورا نہیں ہو رہا تو کم از کم اسپیشل پیکیج تو ملنا چاہیے۔
عام بجٹ پیش کرتے ہوئے مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن بہار پر ’خاص توجہ‘ دیتی ہوئی نظر آئی ہیں۔ بہار میں رواں سال اسمبلی انتخاب ہونا ہے اور ریاست کے لیے بجٹ میں کیے گئے اعلانات اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ مودی حکومت نے بہاریوں کو خوش کرنے کے لیے 7 بڑے اعلانات کیے ہیں، لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ جنتا دل یو پھر بھی ناراض ہے۔ بی جے پی اور جنتا دل یو کی اتحاد والی نتیش حکومت کے اندر جاری رسہ کشی کے درمیان جنتا دل یو رکن اسمبلی خالد انور نے بجٹ پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دیا جانا چاہیے تھا۔ کم از کم بہار کو اسپیشل پیکیج تو ملنا ہی چاہیے تھا۔
بہرحال، آئیے پہلے نظر ڈالتے ہیں ان 7 بڑے اعلانات پر جو نرملا سیتارمن نے بہار کے لیے کیے ہیں۔
-
بجٹ پیش کرتے ہوئے نرملا سیتارمن نے کہا کہ بہار میں ’مکھانا بورڈ‘ کی تشکیل کی جائے گی۔ بورڈ کے ذریعہ مکھانا کے کاروبار کو آسان بنایا جائے گا۔ ساتھ ہی کسانوں کو اس کے لیے حوصلہ بخشا جائے گا۔
-
آئی آئی ٹی پٹنہ کی توسیع ہوگی۔ توسیع کے تحت نئے فیچرس جوڑے جائیں گے۔ علاوہ ازیں آئی آئی ٹی کی سیٹیں بھی بڑھائی جائیں گی۔
-
بہار میں نیشنل فوڈ ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ کھولا جائے گا۔ یہ کہاں کھلے گا، ابھی یہ طے نہیں ہوا ہے۔ لیکن کہا جا رہا ہے کہ یہ جموئی یا حاجی پور میں کھولا جا سکتا ہے۔ فوڈ پروسیسنگ وزارت ابھی حاجی پور رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان کے پاس ہے، اس لیے ممکن ہے حاجی پور کی قسمت چمک جائے۔
-
ویسٹرن کوسی کنال میں کام کے لیے بھی الگ سے بجٹ دینے کا اعلان حکومت نے کیا ہے۔ ایسا ہونے سے بہار کے دربھنگہ اور مدھوبنی کے علاقے میں آبپاشی کا کام آسان ہو جائے گا۔ اس کا طویل مدت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
-
بہٹا ایئرپورٹ کے بھی توسیع کی بات کہی گئی ہے۔ یہ ایئرپورٹ ابھی زیر تعمیر ہے۔ یہاں جدید سہولیات دینے کی بات کہی گئی ہے۔
-
پٹنہ ایئرپورٹ کی توسیع کی بات بھی کہی گئی ہے۔ پٹنہ میں طویل وقت سے جدید سہولیات سے مزین ایئرپورٹ کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
-
بہار میں 3 نئے گرین فیلڈ ایئرپورٹ بنانے کی بات کہی گئی ہے۔ یہ ایئرپورٹ بھاگلپور، راجگیر کے علاوہ سونپور میں مجوزہ ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ نرملا نے اسی کا اعلان عام بجٹ میں کر دیا ہے۔
مذکورہ بالا بڑے اعلانات کے علاوہ بھی بہار کے لیے کچھ اہم باتیں بجٹ میں شامل ہیں۔ اس کے ذریعہ مرکزی حکومت نے بہار میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے لیے اسمبلی انتخاب کا راستہ آسان بنانے کی کوشش کی ہے۔ بی جے پی پہلے ہی نتیش کمار کے چہرے پر اسمبلی انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے، اس لیے اب بجٹ کے ذریعہ آسانیاں بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔ حالانکہ نتیش کمار بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دیے جانے کا مطالبہ زور و شور سے کرتے رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جنتا دل یو لیڈر ڈاکٹر خالد انور نے بجٹ میں بڑے اعلانات کے باوجود اپنی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
خالد انور کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار بار بار یہ مطالبہ کرتے رہے ہیں کہ بہار کو اسپیشل اسٹیٹس کا درجہ ملنا چاہیے یا اسپیشل پیکیج ملنا چاہیے۔ کچھ تکنیکی خامیاں ہیں نیتی آیوگ کی جس کی وجہ سے بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ نہیں مل پا رہا۔ یہ درجہ ملے گا تو مزید تیزی سے بہار کی ترقی ہوگی۔ خالد انور مزید کہتے ہیں کہ نیتی آیوگ کی میٹنگ میں کئی بار یہ مطالبہ ہماری پارٹی کی طرف سے رکھا گیا ہے۔ ابھی خصوصی ریاست کا درجہ مل جائے تو اچھا ہے۔ تکنیکی خامیوں کو دور کرتے ہوئے یہ درجہ دیا جانا چاہیے۔ وہ صاف لفظوں میں کہتے ہیں کہ ’’بجٹ میں جو اعلانات کیے گئے ٹھیک ہیں، لیکن بہار کو مزید کچھ ملنا چاہیے تھا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔