پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدرجمہوریہ کا خطاب

نئی دہلی: صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے آج کہا کہ حکومت نے وبائی امراض کووِڈ 19 اور جنگ سے متعلق غیریقینی صورتِ حال جیسے عالمی خدشات کے درمیان معیشت کو ”پالیسی تعطل“ کی حالت سے نکالنے کے لئے مضبوط عزم کے ساتھ کام کیا ہے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اور بجٹ اجلاس کے آغاز کا اشارہ دیتے ہوئے مرمو نے حکومت کی تیسری میعاد میں وقف بورڈ اور ایک ملک‘ ایک الیکشن جیسے مسائل پر فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پچھلے انتظامیہ کے مقابل 3 گنا رفتار سے کام ہورہا ہے۔

اپنے خطاب کا آغاز کرنے سے قبل دروپدی مرمو نے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا جن کا حال ہی میں دیہانت ہوا ہے۔ انہوں نے چہارشنبہ کے روز مہاکمبھ بھگدڑ میں ہلاک ہونے والوں کو خراج پیش کیا۔ انہوں نے کہا ”میری حکومت نے معیشت کو ’پالیسی تعطل‘ سے نکالنے کے لئے مضبوط عزم کے ساتھ کام کیا ہے۔

عالمی خدشات جیسے کہ وبائی امراض‘ کووِڈ 19 اور جنگ سے متعلق غیریقینی صورتِ حال کے باوجود ہندوستانی معیشت نے اپنی طاقت کو ثابت کرتے ہوئے غیرمعمولی استحکام اور لچک کا مظاہرہ کیا ہے۔ میری حکومت نے کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینے کے لئے کئی اہم اقدامات کئے ہیں۔ ایک قوم‘ ایک ٹیکس کے جذبہ کے ساتھ جی ایس ٹی نظام متعارف کرایا گیا جس سے ملک بھر کی تمام ریاستوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

میک اِن انڈیا جیسی پالیسیوں کی وجہ سے کئی بڑے عالمی برانڈس اب اپنی مصنوعات پر فخر کے ساتھ ’میڈ اِن انڈیا‘ کا لیبل چسپاں کرتے ہیں“۔ صدرجمہوریہ نے کہا کہ اس تیسری میعاد میں کام کرنے کی رفتار 3 گنا ہوگئی ہے۔ آج قوم بڑے فیصلوں اور پالیسیوں کو غیرمعمولی رفتار سے لاگو ہوتے دیکھ رہی ہے جس میں غریبوں‘ متوسط طبقہ‘ نوجوانوں‘ کسانوں اور خواتین کو سب سے زیادہ ترجیح دی جاتی ہے۔

یہ بتاتے ہوئے کہ ترقی صحیح معنوں میں اس وقت کہی جاتی ہے جب اس کے فوائد معاشرہ کے آخری سرے پر کھڑے ہوئے فرد تک پہنچتے ہیں۔ صدرجمہوریہ نے کہا کہ سوچھ بھارت ابھیان کے تحت 12 کروڑ بیت الخلاء کی تعمیر‘ پردھان منتری اُجولا یوجنا کے تحت 10کروڑ مفت ایل پی جی کنکشن‘ 80کروڑ ضرورت مند شہریوں کیلئے راشن‘ سوبھاگیہ یوجنا اور جل جیون مشن نے غریبوں کو یہ اعتماد دیا ہے کہ وہ باوقار زندگی گزارسکتے ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *