نئی دہلی: کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی وڈرا نے آج وزیراعظم نریندر مودی کے اس ریمارک پر کہ ”چنگاری بھڑکانے کی کوئی بیرونی کوشش نہیں ہوئی“ انہیں جوابی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ کبھی عوام کے مسائل کے بارے میں بات نہیں کرتے اور نہ ان کی یکسوئی کرتے ہیں۔
بجٹ اجلاس سے قبل نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے مودی نے کہا تھا کہ 2014 کے بعد شاید یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پارلیمنٹ سیشن کے آغاز سے قبل کسی بیرونی ملک سے چنگاری بھڑکانے کی کوئی کوشش نہیں ہوئی ہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری نے احاطہ پارلیمنٹ میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ عوام کے مسائل کے بارے میں بات نہیں کرتے اور نہ ان کی یکسوئی کرتے ہیں۔
گزشتہ سیشن میں ہم نے دیکھا کہ انہوں نے بحث کرنے کی اجازت نہیں دی لہٰذا وہ ایسی باتیں کہیں گے۔ مودی نے سیشن سے پہلے اپنے ریمارکس میں اپوزیشن جماعتوں پر طنز کیا اور کہا کہ 2014 کے بعد سے ہر سیشن سے پہلے لوگ شرارت کرنے کے لئے تیار رہتے تھے اور ایسے لوگوں کی بھی کوئی کمی نہیں جو ایسی کوششوں کو ہوا دیتے تھے۔
انہوں نے سیشن کے آغاز سے پہلے کہا ”شاید 2014 سے لے کر اب تک یہ پارلیمنٹ کا پہلا سیشن ہے کہ جس کے ایک دو دن پہلے کوئی بیرونی چنگاری نہیں بھڑکی ہے۔ بیرونی ممالک سے آگ لگانے کی کوشش نہیں ہوئی ہے“۔