مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، لبنان کی مقاومتی تنظیم حزب اللہ نے حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد الضیف اور ان کے شہداء ساتھیوں کی شہادت پر تعزیتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی صیہونی حکومت کے خلاف جہاد میں گزاری اور بارہا اس کو شکست سے دوچار کیا۔
حزب اللہ نے مقاومتی تنظیموں، فلسطینی عوام اور شہداء کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ ان عظیم الشان کمانڈرز پر فخر کرتی ہے جنہوں نے اپنی زندگی کے آخری لمحات تک میدان جہاد میں رہتے ہوئے فلسطینی عوام کی عزت، آزادی اور استقلال کی خاطر اپنی جان قربان کردی۔
حزب اللہ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ محمد الضیف نے اپنی پوری زندگی صیہونی قابض حکومت کے خلاف جنگ میں گزاری اور خاص طور پر طوفان الاقصی آپریشن کے دوران کئی بار دشمن کو شکست دی۔ وہ اس آپریشن کے نمایاں نظریہ ساز رہنماؤں میں سے ایک تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مقاومتی رہنماؤں کی قربانیاں فلسطینی قوم کے عزم و ارادے کو مزید مضبوط کریں گی اور امت مسلمہ کو اس فتح کے قریب لے جائیں گی جس کا اللہ تعالی نے ایمان والوں سے وعدہ کیا ہے۔