چیف منسٹر ریونت ریڈی نے گوشہ محل پولیس اسٹیڈیم میں عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، ریاستی وزراء دامودر راج نرسمہا، پونم پربھاکر، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، میئر جی ایچ ایم سی وجیہ لکشمی، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، رکن اسمبلی ڈی ناگیندر، چیئرمین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی ؛ چیف سکریٹری شانتی کماری اور دوسرے موجود تھے۔
دواخانہ عثمانیہ کی نئی عمارت کی تعمیر 2 سال کے اندر مکمل کی جائے گی۔ 2,700 کروڑ روپے کے مصارف سے 12 منزلہ عمارت تعمیر کی جائے گی اور 2 سال کے بعد عوام کو طبی خدمات کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔ گوشہ محل اسٹیڈیم 38 ایکر پر محیط ہے جہاں 26 ایکر اراضی دواخانہ کے لئے حاصل کی گئی ہے
کارپوریٹ طرز پر عثمانیہ دواخانہ کی نئی عمارت میں سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور ہنگامی نوعیت کے علاج کے لئے ہیلی کاپٹر کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے ہیلی پیاڈ بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔
ہاسپٹل 2 ہزار بستروں پر مشتمل ہوگا۔ یہ ایک سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل ہوگا جس میں 30 مختلف شعبہ جات ہوں گے۔ آئندہ 100 سال کی آبادی کو ملحوظ رکھتے ہوئے یہ ہاسپٹل تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس ہاسپٹل میں 90 ڈائیلاسس، ہیموفلٹریشن، سی آر آر ٹی مشین، 500 بستروں پر مشتمل آئی سی یو اور دیگر عصری ٹکنالوجی کے آلات لگائے جائیں گے۔