[]
مہر نیوز کے خصوصی نمائندے کے مطابق، اربعین حسینی کے موقع پر کربلائے معلی جانے کے خواہشمند زائرین کی ایران آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ریمدان اور میرجاوہ بارڈر سے روازنہ ہزاروں زائرین ایران میں داخل ہورہے ہیں۔
گرم موسم کے باوجود ایران میں داخل ہونے والے زائرین کے چہروں سے کسی قسم کی ناگواری کے بجائے خوشی کے آثار نمودار ہورہے ہیں۔ کچھ زائرین کے رخسار سے آنسو گررہے ہیں لیکن یہ آنسو تپتی ہوئی دھوپ کی وجہ سے نہیں بلکہ خوشی سے گرنے والے آنسو ہیں۔
اس موقع پر مہر نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ آباد سے تعلق رکھنے والے نوجوان زائر نے کہا کہ تین دنوں کے سفر کے بعد امام رضا کی بارگاہ میں حاضر ہونے کی خوشی محسوس ہورہی ہے۔
انہوں نے حضرت امام حسین علیہ السلام کے روضہ مبارک کی زیارت کرنے کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امام کی زیارت کرنے والوں کی نیک تمنائیں پوری ہوجاتی ہیں۔ امام حسین علیہ السلام کی زیارت ستر حج کے برابر ثواب رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سفر کے دوران کوئی مشکل پیش نہیں آئی۔ امام کی زیارت کی خوشی میں کسی قسم کی مشکلات کا احساس ہی نہیں ہوتا ہے۔
حافظ آباد سے ہی تعلق رکھنے والے دوسرے نوجوان زائر نے کہا کہ اس موقع پر اپنی خوشی کو الفاظ میں بیان کرنا ناممکن ہے۔ تین دنوں کے سفر کے باوجود کسی قسم کی تھکاوٹ یا مشکلات محسوس نہیں ہورہی ہیں۔ حضرت امام رضا علیہ السلام کی زیارت کے بعد کربلا، نجف اور کاظمین کی بھی زیارت کریں گے۔ جس طرح مولا نے مجھے بلایا ہے میری دعا کہ مولا سب کا اپنی بارگاہ میں بلائیں۔