انقلاب اسلامی کے اقدار کے دفاع کے لئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا، ایرانی مسلح افواج

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ اور عشرہ فجر کی مناسبت سے ایرانی مسلح افواج نے عزم ظاہر کیا ہے کہ اسلامی انقلاب کے نظریات کی حفاظت، عالمی استکبار کے خلاف جدوجہد اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔

مسلح افواج کے مرکزی کمانڈ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عشرہ فجر کے مبارک موقع پر عظیم رہنما امام خمینی (رہ) کی وطن واپسی کی یاد تازہ ہوتی ہیں جو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی نسل سے تھے۔ انہوں نے اپنے الہامی پیغام اور روحانی قوت سے ایسی تحریک اور مقدس انقلاب کی بنیاد رکھی جو قرن حاضر میں حقیقی اسلام محمد کے احیاء کا باعث بنا۔ امام خمینی (رضوان اللہ تعالی علیہ) کی مدبرانہ اور حکیمانہ قیادت کے تحت ایرانی عوام کی جدوجہد، ایثار اور قربانی کے نتیجے میں یہ تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ اس انقلاب نے ہمیشہ کے لیے عالمی استکبار کے طویل المدتی تسلط اور ظالم پہلوی شاہی حکومت کا خاتمہ کر دیا۔ اس منحوس اور عوام دشمن حکومت کو عالمی سامراجی نظام کی کٹھ پتلی ہونے کی وجہ سے مشرق و مغرب کی تمام استعماری طاقتوں کی حمایت حاصل تھی۔ اس کے باوجود ولایت فقیہ اور ایرانی عوام کے غیر متزلزل ارادے کے سامنے نہ ٹھہر سکی اور بالآخر سرنگوں ہوگئی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران کے باشعور اور استقامت پسند عوام نے اپنے محبوب رہبر اور نائب امام زمان (عج) کا تاریخی استقبال کیا اور اسلامی نظام کے قیام اور ولایت مطلقہ فقیہ کے ناقابل تردید اصول پر مبنی حاکمیت کے عزم مصمم کو ثابت کردیا۔ یہی اصول گزشتہ 46 سالوں میں اسلامی انقلاب کی کامیابی، استحکام، عزت اور طاقت کی کلید ثابت ہوا ہے اور ہر میدان میں ایران کی عظمت و سرفرازی کا ضامن رہا ہے۔

مسلح افواج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج اس حیرت انگیز فتح اور تاریخ ساز عوامی انقلاب کو 46 سال گزر چکے ہیں۔ اس موقع پر ان بنیادی عوامل اور طاقت کے سرچشموں پر غور کرنا انتہائی ضروری ہے جنہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کو ان سالوں میں مستحکم رکھا۔ اس استحکام کا راز ایمان، عوامی ارادے، حضرت امام خمینی (رح) کی مدبرانہ قیادت اور ان کے صالح جانشین رہبر معظم آیت اللہ العظمی خامنہ ای (مدظلہ العالی) کی مدبرانہ قیادت میں مضمر ہے۔ یہی عوامل انقلاب اسلامی اور ایران کو اس کے حقیقی راستے پر گامزن رکھنے کے ضامن ہیں۔

مسلح افواج نے پختہ عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی انقلابی فوج اپنے سپریم کمانڈر حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای (مدظلہ العالی) کی قیادت میں انقلاب اسلامی کے اصولوں، عالمی استکبار اور ظالم قوتوں کے خلاف مزاحمت، قومی سلامتی کے تحفظ، ملکی سرحدوں کی حفاظت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *