امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان، چین اور برازیل کیلئے خطرہ کی گھنٹی بجادی

واشنگٹن: امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان، چین اور برازیل کو زیادہ ٹیرف عائد کرنے والے ممالک قرار دیتے ہوئے جوابی ٹیرف لگانے کی دھمکی دی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ ان تینوں ممالک کو ٹیرف کو بڑھاتے رہنے کی ڈگر پر چلنے نہیں دے گا۔

ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان، چین اور برازیل پر ٹیرف عائد کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یہ ممالک اپنے مفاد میں بہتر کر رہے ہیں لیکن امریکہ کے لیے یہ درست نہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ سب سے پہلے امریکہ ہے۔ ہم ایسا نظام بنائیں گے جو منصفانہ ہو اور اس سے ہمارے خزانے میں دولت آئے اور امریکہ دوبارہ امیر ہو جائے گا اور ایسا بہت جلد ہوگا۔

ٹرمپ نے کہا کہ ہم اپنے شہریوں پر ٹیکس لگا کر دوسرے ممالک کو امیر نہیں بنائیں گے بلکہ دوسرے ممالک پر ٹیکس لگا کر اپنے شہریوں کو امیر بنائیں گے۔

نومنتخب صدر نے مزید کہا کہ جیسے جیسے دوسرے ممالک پر محصولات بڑھیں گے امریکیوں پر ٹیکس کم ہو جائیں گے، جس سے بڑی تعداد میں نئے کارخانے لگیں گے اور ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔ امریکی صدر نے کہا کہ جو ممالک ٹیرف سے بچنا چاہتے ہیں وہ امریکہ میں ہی کمپنیاں اور فیکٹریاں بنائیں اس طرح امریکیوں کو اور بھی فائدہ ہوگا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *