حیدرآباد: آندھراپردیش میں یوم جمہوریہ کی تقاریب جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ اصل تقریب کے موقع پرگورنر ایس عبدالنذیر نے وجے واڑہ کے اندراگاندھی میونسپل گراونڈمیں قومی پرچم لہرایا اور پریڈ کی سلامی لی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر نے ریاست کی ترقی کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ حکومت عوام کی خواہشات کی تکمیل کے تئیں کام کررہی ہے۔ انہوں نے پیشرو انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ اس حکومت نے اپنے پیچھے کافی زیادہ قرض اور ایسے مسائل چھوڑے جن کو حل نہیں کیاگیا۔
انہوں نے وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ کے لئے مرکزی حکومت سے خصوصی پیاکیج کے حصول کے سلسلہ میں جاری کوششوں کو بھی اجاگرکیا۔ گورنر نے سنہرے آندھرا کے حکومت کے ویژن کے مطابق اقدامات پر بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سنہرے آندھرا کے ویژن کا مقصد تمام شہریوں کے لئے صحت،خوشحالی اور خوشی ہے۔
انہوں نے اس یقین کا اظہارکیاکہ دس اہم اصولوں پر عمل آوری کے ذریعہ ریاست کے مقاصد حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سنہرے آندھرا ویژن 2047ء کے مقاصد کے حصول کے لئے 22 نئی پالیسیوں کا آغاز کیا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ 2047ء تک وکست بھارت بنانے ملک کی خواہشات کے مطابق ریاست اہم رول ادا کرے گی۔ این ڈی اے حکومت کے ذریعہ ہی سنہرا آندھرا ویژن حقیقت میں تبدیل ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت واٹس ایپ کے ذریعہ شہریوں کے لئے اسمارٹ فونس پر راست ریاست کی خدمات لارہی ہے۔ اس انوکھے طریقہ سے ڈیجیٹل حکمرانی کی حکمت عملی میں لمبی چھلانگ لگائی گئی ہے اور آندھراپردیش کو پہلی ریاست بنایا گیا ہے جس میں ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کے نظام پر عمل آوری کی ہے۔ واٹس ایپ کے ذریعہ شہریوں کے لئے 150 خدمات دستیاب رہیں گی۔