مغربی بنگال میں ترنمول قائد پر دن دھاڑے قاتلانہ حملہ

کولکتہ: مغربی بنگال کے ضلع 24 پرگنہ میں دن دھاڑے ہفتہ کی دوپہر ترنمول کانگریس کے ایک مقامی قائد کو قریب سے گولی ماردی گئی۔ اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

شدید زخمی لیڈر کی شناخت کرشناپد منڈل کی حیثیت سے ہوئی ہے۔ اس پر قریب سے اس وقت گولی چلائی گئی جب وہ علاقہ نوداکھالی سے اپنی موٹرسیکل پر گزررہا تھا۔ عینی شاہدین کے بموجب 3 نامعلوم قاتلوں نے جو غیرمقامی لگ رہے تھے‘ منڈل پر قریب سے گولی چلائی اور فرار ہوگئے۔

پولیس تحقیقات کررہی ہے کہ برسراقتدار جماعت کے قائد پر حملہ کی وجہ نجی ہے یا سیاسی‘ تاہم بعض مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقہ میں ترنمول کانگریس میں اندرونی جھگڑے حملہ کی وجہ ہوسکتے ہیں۔

غور طلب ہے کہ نوداکھالی حلقہ لوک سبھا ڈائمنڈ ہاربر میں واقع ہے جس کی نمائندگی ترنمول کانگریس جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کرتے ہیں۔ جاریہ ماہ یہ تیسرا واقعہ ہے۔

پچھلے 2 واقعات ضلع مالدہ میں پیش آئے تھے۔ جاریہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں ترنمول کونسلر دُلال سرکار کو گولی مارکر ہلاک کیا گیا تھا۔14 جنوری کو ایک اور قائد حسن شیخ پر بھی ایسا ہی حملہ ہوا تھا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *