آگرہ(یوپی): تاج محل میں شاہجہاں کی عرس تقاریب کے خلاف جمعہ کے دن ہندو مہاسبھا ارکان نے احتجاج کیا۔ احتجاجیوں کا بڑا گروپ آگرہ کی مال روڈ پر محکمہ آثار ِ قدیمہ (اے ایس آئی) کے دفتر کے باہر جمع ہوا۔
وہ نعرے بازی کررہا تھا۔ احتجاجیوں نے جو پلے کارڈس تھام رکھے تھے ان میں تاج محل کو ”تیجو مہالیہ“ دکھایا گیا۔ گنبد کے اوپر بھگوا پرچم لہرارہا تھا۔
اے ایس آئی دفتر میں داخل ہونے نہ دینے پر مظاہرین نے کافی دیر دھرنا دیا۔ محکمہ کے عہدیداروں نے بعدازاں یادداشت قبول کی۔ ہندو مہاسبھا ترجمان سنجے جاٹ نے کہا کہ تاج محل ہمارا ہے اور ہم عرس کی مخالفت کرتے رہیں گے۔
جاریہ سال مغل شہنشاہ شاہجہاں کا 370 واں عرس 26-27-28 جنوری کو منایا جائے گا۔ آخری دن 1640 میٹر طویل چادر چڑھائی جاتی ہے۔