نئی دہلی: کانگریس قائد راہول گاندھی نے جمعرات کے دن کہا کہ اب دہلی‘ وزیراعظم نریندر مودی اور عام آدمی پارٹی کنوینر اروند کجریوال کا ”جھوٹا پروپگنڈہ یا پی آر ماڈل“ نہیں بلکہ سابق چیف منسٹر شیلا دکشت کا حقیقی ترقیاتی ماڈل چاہتی ہے۔
راہول گاندھی نے فیس بک پر ایک ویڈیو مونٹاج پیش کیا جس میں مہنگائی‘ بے روزگاری‘ آلودگی اور کرپشن جیسے مسائل کو اجاگر کیا گیا۔ سابق کانگریس صدر نے اپنے فیس بک پوسٹ میں کہا ”خراب کنسٹرکشن‘ دھول مٹی‘ مہنگائی‘ بے روزگاری‘ آلودگی اور کرپشن‘ دہلی کی سچائی عوام کے سامنے ہے۔
راہول گاندھی چہارشنبہ کے روز صدر بازار اسمبلی حلقہ میں ایک جلسہ سے خطاب نہیں کرسکے کیونکہ ان کی طبیعت ناساز ہے۔ انہوں نے ایک پیام کے ذریعہ عوام سے اپیل کی جو ریالی میں پڑھ کر سنایا گیا۔ انہوں نے انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔
اپنی ناسازی ئطبیعت کی وجہ سے راہول گاندھی منگل کے روز کرناٹک کے بیلگاوی کا سفر کرنے سے بھی قاصر رہے تاکہ جئے باپو‘ جئے بھیم اور جئے سمویدھان ریالی میں حصہ لے سکیں۔ قبل ازیں نئی دہلی حلقہ میں ان کا پروگرام منعقد نہیں کیا جاسکا۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی اور دہلی کے سابق چیف منسٹر اروند کجریوال پر کڑی تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ دونوں قائدین میں کوئی فرق نہیں ہے۔
وہ لوگ نہیں چاہتے کہ پسماندہ طبقات‘ دلتوں‘ قبائلیوں اور اقلیتوں کو ان کا جائز حق ملے۔ دہلی اسمبلی انتخابات کے لئے اپنے پہلے جلسہ عام میں خاص طورپر کجریوال کو نشانہ بناتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا تھا کہ عام آدمی پارٹی کنوینر‘ مودی کے پروپگنڈہ اور جھوٹے وعدوں کی حکمت عملی اختیار کررہے ہیں جبکہ دہلی میں آلودگی‘ کرپشن اور مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی وعدہ کیا تھا کہ قومی دارالحکومت میں کانگریس کے برسراقتدار آنے پر ذات پات کا سروے کرایا جائے گا۔