مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، صہیونی وزیراعظم نتن یاہو نے کہا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن اور نومنتخب صدر ٹرمپ نے اسرائیل کو مکمل حق دیا ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر دوبارہ جنگ شروع کرسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اپنے اس حق کو محفوظ رکھتا ہے اور اگر حماس جنگ بندی کی دوسری مرحلے میں رکاوٹ ڈالے گی تو ہم جنگ دوبارہ شروع کریں گے۔
نتنیاہو نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کے بعد کیے گئے حملوں کا ذکر کیے بغیر دعویٰ کیا کہ غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ عارضی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یرغمالیوں کی واپسی ایک نیک مشن ہے اس کے باوجود ہم حماس کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھیں گے۔ اسرائیل حماس کو غزہ میں ہتھیاروں کی ترسیل کی اجازت نہیں دے گا اور مغربی کنارے میں اپنی فوج میں اضافہ کرے گا۔
اگرچہ صیہونی حکومت کے کئی رہنما غزہ جنگ میں اسرائیل کی ناکامی اور اپنے اہداف کے حصول میں ناکامی کا اعتراف کر چکے ہیں لیکن نتن یاہو نے دعوی کیا ہے کہ ہم نے حزب اللہ کے ہتھیاروں کو تباہ کیا، مشرق وسطی کی صورت حال کو تبدیل کیا اور جنگ میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔