تلنگانہ کے کئی مقامات پر کہر، محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی

حیدرآباد: حیدرآباد کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اگرچہ تلنگانہ میں اقل ترین درجہ حرارت معمول پر ہے، لیکن کئی مقامات پر کہر چھائی ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ناگرتنا نے کہا کہ کہرکا اثر چار سے پانچ دنوں تک شدید رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ شمال مشرقی اور مشرقی اضلاع میں شدید کہرچھائی رہے گی۔ ناگارتنا نے کہر کے سلسلہ میں عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

کہر کی وجہ سے صبح کے اوقات میں گاڑی سواروں کو مشکل صورتحال کا سامناکرناپڑرہا ہے۔کئی گاڑی سوار اپنی گاڑیوں کی ہیڈلائٹس کو کھولتے ہوئے گاڑی چلانے پر مجبور ہیں۔دوسری طرف صبح کے اوقات میں چہل قدمی کے لئے جانے والے افراد اور کسان اپنے معمول کے شیڈول کے برخلاف تاخیر سے اپنے کاموں اور سرگرمیوں کے لئے روانہ ہورہے ہیں۔ فٹ پاتھس پر سونے والے افرادکو بھی سردی کی وجہ سے کافی مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔

کئی لوگ سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں جیسے گرم لحافوں اورسوئٹرس کا استعمال کررہے ہیں تو کئی افراد شام ہوتے ہیں آگ تاپنے کا کام بھی کررہے ہیں۔ سردی سے بچے اور معمرین شدید متاثرہیں۔

صبح کی اولین ساعتوں سے ہی سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔ اسپتالوں میں مریضوں کا ہجوم ہے۔ نزلہ‘ کھانسی‘ زکام اور بخار میں کئی افراد مبتلا ہیں۔ صبح میں 9بجے تک بھی سردی کی لہر دیکھی جارہی ہے اور شام میں چار بجے سے دوبارہ سردی کی لہر ہورہی ہے۔ ساتھ ہی کہر کے سبب راستہ بھی صاف دکھائی نہیں دے رہا ہے۔

عادل آباد کے ایجنسی علاقوں اور جنگلات سے متصل آبادیوں میں سردی کی شدید لہر دیکھی جارہی ہے۔ عادل آباد کے دیہاتیوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے مقابلہ اس مرتبہ سردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے۔دوسری طرف چہل قدمی کرنے والوں نے بھی اس اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *