[]
نئی دہلی: صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا ارشدمدنی کی ہدایت پر آج ایک بارپھر جمعیۃعلماء ہندکا وفد میوات فساد متاثرین سے ملنے اور بازآباد کاری اور راحت رسانی کے لئے مفتی سید معصوم ثاقب ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند کی سربراہی میں نوح اورمیوات پہنچا۔
جمعیۃ علماء ہند کی جاری کردہ ریلیز کے مطابق وفد کے ارکان سب سے پہلے مولانامحمد خالد قاسمی سابق صدر جمعیۃ علماء متحدہ پنجاب کی رہائش گاہ نوح پہونچا جہاں پر جمعیۃ علماء متحدہ پنجاب کے صدر مولانا محمد ہارون قاسمی،حاجی میاں رمضان،مولانا حکیم الدین اشرف، مولانا محمد شوکت و آس پاس کے اضلاع کے ذمہ داران کے ساتھ موجودہ حالات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
صدرجمعیۃعلماء ہند مولانا مدنی کے حکم کے مطابق یہ طے ہوا کہ جتنے بھی چھوٹے چھوٹے کاروبارکرنے والے تھے،جنکی ریڑھی.پٹری، ٹھیلہ ،کھوکھا وغیرہ کو فسادیوں یا انتظامیہ کے ذریعہ ختم کردیا گیا ہے انکو ریڑھی. پٹری،ٹھیلہ،کھوکھا وغیرہ مہیاکراکردی جائے، تاکہ روزمرہ کھانے کمانے ولے پھر سے اپنے کاروبارسے لگ سکیں، پہلے مرحلہ میں ان متاثرین کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔
بہت جلد جمعیۃعلماء ہند کی ریلیف ٹیم ان تمام لوگوں کو کاروبارسے جڑنے میں پوری مددکرے گی تاکہ وہ پہلے کی طرح اپنے گھروالوں کا پیٹ بھر سکیں اوران کے لئے دیگرضروریات زندگی کے سامان کا انتظام کرسکیں۔ نیز جن لوگوں کے مکانات کوپوری طرح سے منہدم کردیا گیا ہے اور انکے پاس رہنے کی کوئی جگہ نہیں ہے ان کے باز آبادکاری کا مسئلہ بھی زیر غور ہے ان شاء اللہ بہت جلد بجٹ مختص کرکے اس پر بھی کام شروع کردیاجائے گا۔
وفد نے ان تمام بے قصورنوجوانوں کے گھروالوں سے بھی ملاقاتیں کیں جن کو پولیس نے گرفتار کرکے جیلوں میں ڈالدیا ہے، جمعیۃعلماء ہند کے اس وفد کو محروسین کے گھروالوں نے اپنی بے گناہی اور پے درپہ ہونے والی بے جا گرفتاریوں پر اپنی بے بسی کااظہارکیا،اس پر وفد نے جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے ہرطرح کی قانونی امداد کی یقین دہانی کرائی گئی۔
اورخوف وہراس کے ماحول سے باہر آنے کے لئے ڈھارس بندھائی اورہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی،وفدنے نوح، سونکھ، تپکن، شکارپور .پلّہ.پلڑی.چہوڑپور،رہنہ،میولی کلاں،شکراوہ.مرادباس،سنگار.امام نگر، احمدنگر،مروڑہ،اٹیرنہ.جلال پوروغیرہ کا تفصیلی دورہ کیا اور لواحقین سے ملاقات کرکے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔