حیدرآباد: حیدرآباد میٹرو ریل پروجیکٹ کے تحت پرانے شہر میں ترقیاتی کاموں کا آغاز جلد ہونے والا ہے۔ حال ہی میں میٹرو پروجیکٹ کیلئے 40 جائیدادوں کا حصول مکمل کیا گیا ہے۔ ایم جی بی ایس (مہاتما گاندھی بس اسٹیشن) سے میٹرو کے کاموں کا آغاز کیا جائے گا، جس سے علاقے کی ترقی کو فروغ ملے گا، لیکن ساتھ ہی ٹریفک کے مسائل بھی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
عوام کا ماننا ہے کہ میٹرو پروجیکٹ کے کاموں کے آغاز کے ساتھ ہی دارالشفا، عالیجاہ کوٹلہ، عیدی بازار، تالاب کٹہ، اور شاہ علی بنڈہ جانے والے راستوں پر شدید ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
شہریوں کی ایک بڑی تعداد چارمینار کے راستے کو عوام کے لیے کھولنے یا متبادل راستے فراہم کرنے کی تجویز پیش کر رہی ہے۔ تاہم، ٹریفک پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے اس معاملے پر کوئی واضح بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
میٹرو پروجیکٹ کا مقصد پرانے شہر کے رہائشیوں کو جدید اور آرام دہ سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں کے درمیان ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے میں میٹرو ریل کلیدی کردار ادا کرے گی۔
میٹرو ریل عوام کو ماحول دوست سفری متبادل فراہم کرے گی، جس سے آلودگی میں کمی آئے گی۔ پرانے شہر کے لیے میٹرو لائن کو ایم جی بی ایس سے چندرائن گٹہ تک توسیع دی جائے گی۔
پرانے شہر کے رہائشیوں نے میٹرو پروجیکٹ کے جلد از جلد مکمل ہونے کی امید ظاہر کی ہے تاکہ ان کیلئے سفری سہولتیں آسان ہو سکیں۔ ساتھ ہی یہ مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے کہ ٹرافک کے مسائل کو کم کرنے کے لیے متبادل راستوں کی منصوبہ بندی کی جائے۔
چونکہ پرانے شہر کی گلیاں تنگ ہیں اور یہاں پہلے ہی ٹریفک کے مسائل موجود ہیں، اس لیے میٹرو پروجیکٹ کے کاموں کے دوران ٹریفک پولیس اور شہری انتظامیہ کی جانب سے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حیدرآباد میٹرو ریل پروجیکٹ نہ صرف شہر کی ترقی کا اہم منصوبہ ہے بلکہ پرانے شہر کے لوگوں کے لیے ایک بڑی سہولت بھی ثابت ہوگا۔ تاہم، اس منصوبے کے دوران پیدا ہونے والے ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔