جیل میں رہتے ہوئے امرت پال نے آزاد امیدوار کے طور پر پنجاب کے کھڈور صاحب پارلیمانی حلقہ سے انتخاب لڑتے ہوئے اپنے قریبی حریف کانگریس امیدوار کُلبیر سنگھ کو ایک لاکھ سے زائد ووٹوں سے شکست دی تھی۔
آسام کی جیل میں بند خالصتان حامی اور پنجاب کی کھڈور صاحب سیٹ سے آزاد رکن پارلیمنٹ امرت پال سنگھ کی نئی پارٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پارٹی کا نام ’اکالی دل وارث پنجاب دے‘ رکھا گیا ہے۔ نئی پارٹی کا اعلان پنجاب کے شہر مُکتسر میں تاریخی ماگھی میلے میں منعقد ایک کانفرنس میں کیا گیا۔ آزاد رکن پارلیمنٹ امرت پال سنگھ کو پارٹی کا صدر نامزد کیا گیا ہے۔ حالانکہ امرت پال سنگھ کے جیل میں بند ہونے کی وجہ سے پارٹی کو چلانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
آسام کے ڈبرو گڑھ جیل میں بند آزاد رکن پارلیمنٹ امرت پال سنگھ پر نیشنل سیکورٹی ایکٹ (این ایس اے) کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔ حالانکہ جیل میں بند امرت پال کی مشکلوں میں روز بہ روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ دنوں ہی پنجاب کے گرپریت سنگھ قتل معاملہ میں پولیس نے ملزموں کے خلاف غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت کارروائی کی تھی۔ ان ملزموں میں امرت پال اور بیرون ملک میں مقیم گینگسٹر ارش ڈلّا بھی شامل ہیں۔ واضح ہو کہ گزشتہ سال اکتوبر میں گرپریت کو اس کے گھر کے پاس گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ گرپریت اس سے قبل ’وارث پنجاب دے تنظیم‘ کے فائنانس سکریٹری تھے۔ دیپ سدھو کی موت کے بعد وہ تنظیم سے الگ ہو گیا تھا اس کے بعد تنظیم کی کمان امرت پال نے سنبھالی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال ہوئے پارلیمانی انتخاب میں جیل میں رہتے ہوئے امرت پال نے آزاد امیدوار کے طور پر پنجاب کے کھڈور صاحب پارلیمانی حلقہ سے انتخاب لڑا تھا۔ انہیں پارلیمانی انتخاب میں 4 لاکھ 4 ہزار 430 ووٹ ملے تھے۔ انہوں نے اپنے قریبی حریف کانگریس امیدوار کُلبیر سنگھ کو 1 لاکھ 97 ہزار 120 ووٹوں سے شکست دی تھی۔ عام آدمی پارٹی کے امیدوار تیسرے نمبر پر تھے جنھیں 1 لاکھ 94 ہزار 836 ووٹ ملے تھے، جبکہ چوتھے نمبر پر رہے بی جے پی امیدوار کو صرف 86 ہزار 373 ووٹ ہی مل پائے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔