پیر کی رات جھانسی ریلوے اسٹیشن پر مہا کمبھ پر جانے والے مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی۔ اس دوران 2 مسافر ٹریک پر اور کئی پلیٹ فارم پر گر گئے۔ گارڈ و ڈرائیور نے صحیح وقت پر ٹرین کو روک دیا۔ جس سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ کئی مسافروں نے اس واقعہ کا ویڈیو بنا کر پوسٹ کر دیا اور کچھ ہی دیر میں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق پریاگ راج سے جھانسی پہنچی جھانسی-پریاگ راج رِنگ ریل ایکسپریس رات تقریباً 7:45 بجے پلیٹ فارم نمبر 6 سے 8 پر صاف-صفائی کے لیے بھیجی جا رہی تھی۔ ٹرین کو جاتا ہوا دیکھ کر مسافروں کو لگا کہ ٹرین روانہ ہو رہی ہے، اس لیے وہ ٹرین میں چڑھنے کے لیے دوڑنے لگے، بھیڑ کافی زیادہ ہونے کی وجہ سے افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔