بنگلور۔ بنگلورو سے ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق چامراج پیٹ علاقہ میں تین گائیوں کے تھن کے ایک حصہ کو کاٹ دیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔
پولیس نے اس معاملے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو چامراج پیٹ علاقہ سے گرفتار کرلیا۔ ملزم کی شناخت 30 سالہ شیخ نصرو کے طور پر ہوئی ہے جو بہار کے چمپارن ضلع کا رہنے والا ہے۔
دراصل، کاٹن پیٹ پولیس اسٹیشن حدود کے تحت ونائک نگر سے اطلاع ملی تھی کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات کچھ شرپسندوں نے تین گائیوں کے تھن کو جزوی طور پر کاٹ دیا تھا۔ پولیس نے اس معاملے میں جانوروں پر ظلم ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
اس کے بعد تحقیقات کے دوران پولیس کو پتہ چلا کہ بہار کے چمپارن ضلع کے رہنے والے نصرو نامی شخص نے شراب کے نشے میں اس واردات کو انجام دیا ہے۔ اس کے بعد نصرو کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اس واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور بی جے پی نے مجرموں کو فوری گرفتار کرنے کی وارننگ بھی جاری کی۔
چیف منسٹر سدارامیا نے اس واقعہ پر سخت موقف اختیار کیا اور بنگلورو کے پولیس کمشنر بی دیانند کو اس معاملے کو حل کرنے کی ہدایت دی۔