ڈاکٹر وی نارائنن ہندوستانی خلائی تحقیقی ادارہ کے نئے چیئرمین

نئی دہلی۔ ڈاکٹر وی نارائنن ہندوستانی خلائی تحقیقی ادارہ (اسرو) کے نئے چیئرمین ہوں گے۔ مرکزی حکومت نے منگل کو اس بات کا اعلان کیا کہ خلائی سائنسدان ڈاکٹر وی نارائنن کو اسرو کا نیا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ نارائنن جو راکٹ اور اسپیس کرافٹ آپریشن کے ماہر ہیں 14 جنوری کو ایس سومناتھ کی جگہ اس عہدے کا چارج لیں گے۔

 

سومناتھ 14 جنوری کو اپنی دو سالہ مدت مکمل کرنے کے بعد اس عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ ڈاکٹر نارائنن اس عہدے پر دو سال تک رہیں گے۔ڈاکٹر وی نارائنن فی الحال ولیامالا میں واقع مائع پروپلشن سسٹم سینٹر (ایل پی ایس سی) کے ڈائریکٹر ہیں اور ان کے پاس 40 سال کا تجربہ ہے۔

 

انہوں نے کئی اہم پروجیکٹس جیسے جی ایس ایل وی ایم کے-III ایم1/چندریان-2 اور ایل وی ایم3/چندریان-3 میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس کے علاوہ، نارائنن نے اسرو کے مختلف شعبوں میں چار دہائیوں تک کام کیا ہے۔

 

نارائنن کا آبائی شہر تمل نادو کے کنیا کماری ہے اور انہوں نے آئی آئی ٹی کھڑگپور سے کریوجینک انجینئرنگ میں ایم ٹیک کیا تھا جہاں انہوں نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے 2001 میں ایرو اسپیس انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی مکمل کی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *