سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو جموں صوبے کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل گذشتہ قریب دو ہفتوں سے بند ہے۔
تاہم وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی دوطرفہ نقل و حمل حسب معمول جاری ہے۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل ہنوز بند ہے۔انہوں نے کہا کہ تاہم اس روڈ سے برف ہٹانے کا کام زوروں سے جاری ہے۔مغل روڈ پر 27 دسمبر کو بھاری برف باری کی وجہ سے ٹریفک بند کر دیا گیا تھا۔
بتادیں کہ محکمہ تعمیرات عامہ پونچھ نے سڑک کے رابطے کو بڑھانے کی طرف ایک اہم قدم کے طور پر مغل روڈ کو بفلیاز سے پیر کی گلی تک بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کے حوالے کر دیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ سونہ مرگ – کرگل روڈ، سنتھن روڈ اور بھدرواہ چمبا روڈ پر بھی ٹریفک کی آمد و رفت ہنوز بند ہے۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی دو طرفہ نقل و حمل حسب معمول جاری ہے۔
مسافروں سے لین ڈسپلن پر عمل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ مٹی کے تودے یا چٹانیں کھسک آںے کے خدشات کے پیش نظر بانہال اور رام بن کے درمیان غیر ضروری طور پر ٹھہرنے سے اجتناب کریں اور شاہراہ پر دن کے دوران ہی سفر اختیار کریں۔