نیپال اور تبت میں منگل کی صبح، ایک گھنٹے کے دوران چھ زلزلے آئے ۔جن میں ایک 7.1 شدت کا طاقتور زلزلہ بھی شامل تھا جس نے تبت کو ہلا کر رکھ دیا۔ زلزلوں کے جھٹکے تبت ، نیپال، بھارت اور بھوٹان کے کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے، جنہوں نے عمارتوں کو لرزا دیا۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے مقامی میڈیا کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ تبتی خطے میں زلزلے سے کم از کم 36 افراد ہلاک ہوئے۔ چینی نیوز ایجنسی ژنہوا نے 32 اموات اور 38 زخمیوں کی اطلاع دی، جبکہ ایسوسی ایٹڈ پریس (AP) کے مطابق مغربی چین میں 9 افراد ہلاک ہوئے۔
دہلی-این سی آر، بہار کے دارالحکومت پٹنہ، اور شمالی بھارت کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ مغربی بنگال اور شمال مشرقی ریاستوں، بشمول آسام، میں بھی زلزلے کا اثر دیکھا گیا۔
نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں رہائشی خوفزدہ ہو کر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ کھٹمنڈو کی رہائشی میرا ادھیکاری نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ میں سو رہی تھی۔ بستر ہل رہا تھا، اور مجھے لگا میرا بچہ بستر کو کھینچ رہا ہے۔ میں نے زیادہ توجہ نہیں دی، لیکن کھڑکی کے ہلنے نے مجھے یقین دلایا کہ یہ زلزلہ ہے۔ پھر میں نے جلدی سے اپنے بچے کو بلایا، گھر خالی کیا، اور کھلے میدان میں چلی گئی۔
قومی مرکز برائے زلزلہ شناسی کے مطابق پہلا 7.1 شدت کا زلزلہ صبح 6:35 بجے زیژانگ، نیپال-تبت سرحد کے قریب آیا۔ یہ شدت شدید سمجھی جاتی ہے اور بڑے نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ چینی حکام نے شگاتسی شہر، جو تبت کا دوسرا بڑا شہر ہے، میں اس زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی۔