پراناشہر ہی اصل حیدرآباد، میر عالم تالاب پر کیبل برج کی تعمیر کا منصوبہ: ریونت ریڈی

حیدرآباد(منصف نیوز بیورو) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہاہے کہ تاریخی پرانا شہر ہی اصل حیدرآباد ہے۔ ان کی حکومت پرانے شہر ی کی تعلیمی، طبی ومعاشی ترقی کیلئے پابند عہد ہے اور ترقیاتی اقدامات کیلئے فنڈ کی اجرائی کوئی مسئلہ نہیں ہے تاہم ترقیاتی کاموں کیلئے حکومت سے کام لینا مجلس قائدین وصدر اسدالدین اویسی ایم پی اور فلور لیڈر اکبرالدین اویسی کی ذمہ داری ہے۔

چیف منسٹر آج زوپارک کے روبرو زوپارک تا آرام گھر 6 لین فلائی اوور کے افتتاح کے بعد جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ انتخابات میں ہم ایک دوسرے سے مسابقت کیلئے سیاست کرتے ہیں اب جبکہ انتخابات گزرچکے ہیں ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ باہمی تعاون اور مشاورت کے ذریعہ شہر اور تلنگانہ کی ترقی کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

چیف منسٹر نے کہاکہ ان کی حکومت اقتدار میں آتے ہی حیدرآباد میٹروریل کے 2 مرحلہ کے پروجیکٹ کے تحت املی بن بس ڈپو تک فلک نما تک میٹروریل لائن کا کام کا آغاز کیا۔ اس کیلئے فنڈد بھی جاری کیا۔ بہت جلد اس کی تعمیر کا آغاز ہوجائے گا اور آئندہ تین چاربرس میں پرانے شہر میں میٹروریل دوڑنا شروع ہوجائے گی۔

ان کی حکومت موسی ندی کی بحالی کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ اس پروجیکٹ کی تکمیل کیلئے مجلس قائدین کے تعاون کی ضرورت ہے۔ میرعالم ٹینک سے متصل سیوریج ٹریمنٹ پلانٹ تعمیر کیا گیا۔ حکومت میر عالم تالاب کو سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے اور اس تالاب پر کیبل برج کی تعمیر کا منصوبہ رکھتی ہے۔

اس کی پروجیکٹ رپورٹ آتے ہی جائزۃ لے گی اور ریاست وبیرونی ریاست سے سیاح کیبل برج سے میر عالب تالاب کا خوبصورت نظارہ کرنے کیلئے آئیں گے۔ حیدرآباد کے نظام نے شہر کو پانی کی سربراہی کیلئے عثمان ساگر اور حمایت ساگر تعمیر کیا تھا۔

شہر کو پانی کی سربراہی کیلئے گوداوری سے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت غور کررہی ہے جہاں تک عثمانیہ دواخانہ کی تعمیر جدید کا تعلق ہے آئندہ ایک یا دو ہفتہ میں گوشہ محل اسٹیڈیم کی اراضی پر عثمانیہ دواخانہ کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔

اسدالدین اویسی اور اکبرالدین اویسی کی جانب سے پرانا شہر کے مختلف پراجکٹس اور مسائل کے حل کے متعلق پیش کردہ تجاویز اور مطالبات پر چیف منسٹر نے کہاکہ وہ 11 یا 12 جنوری کو سکریٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کریں گے جس میں مجلس اراکین اسمبلی وکونسل اور پارلیمنٹ کے علاوہ تمام محکمہ جات کے عہدیداروں کو مدعو کریں اور اجلاس میں پرانے شہر کے مسائل اور مطالبات پر غور وخوض کریں گے اور انہیں حل کرنے کیلئے لائحہ عمل تیار کیاجائے گا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *