ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) نے ایک بار پھر کمال کر دیا ہے۔ اسرو کو خلا میں بیج کو اُگانے میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اسرو نے ہفتہ کو ‘ایکس’ پر بتایا کہ مائیکرو گرویٹی کی حالت میں 4 دن میں خلائی جہاز پی ایس ایل وی-سی 60 کے پی او ای ایم-4 پلیٹ فارم پر کاؤسیڈ میں بیج پھوٹے ہیں۔ جلد ہی پتّے نکلنے کی امید ہے۔ کاؤسیڈ لوبیا کے بیج جیسا دکھائی دیتا ہے جو غذائیت سے بھرا ہوتا ہے۔
اسرو نے بتایا کہ اس تجربہ کے لیے 8 بیج کامپیکٹ ریسرچ ماڈیول فار آربیٹل پلانٹ اسٹڈیز (کراپس) کے تحت خلا میں بھیجے گئے تھے۔ وکرم سارا بھائی اسپیس سینٹر نے اس تجربہ کو کیا ہے۔ واضح ہو کہ پی ایس ایل وی-سی 60 مشن نے 2 اسپیڈاکس سیٹیلائٹ کو خلا میں 30 دسمبر کو نصب کیا تھا۔ اطلاع کے مطابق راکیٹ کے چوتھے مرحلہ کے عمل میں پی او ای ایم-4 پلیٹ فارم زمین کے مدار کا چکر لگا رہا ہے۔ اس میں کُل 24 طرح کے تجربے 350 کلومیٹر کی دوری پر چل رہے ہیں۔