پرینکا نے کہا کہ ’’خبروں کے مطابق مکیش نے اپنی رپورٹ میں بدعنوانی کا خلاصہ کیا تھا جس کے بعد بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔ ریاستی حکومت سے میرا مطالبہ ہے کہ اس معاملے میں سخت اور فوری کارروائی کی جائے۔‘‘
چھتیس گڑھ کے بیجاپور میں صحافی مکیش چندراکر کے قتل کے بعد سیاسی ماحول کافی گرم ہو چکا ہے۔ سیاسی پارٹیاں اور سیاسی لیڈران اس معاملے میں اپنے سخت رد عمل کا اظہار کر رہے ہیں۔ دریں اثنا وائناڈ سے کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی کا بھی اس حوالے سے بیان سامنے آیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’بستر میں چھتیس گڑھ کے صحافی مکیش چندراکر کے قتل کی خبر چونکانے والی ہے۔ خبروں کے مطابق مکیش نے اپنی رپورٹ میں بدعنوانی کا خلاصہ کیا تھا جس کے بعد ان کو بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔ ریاستی حکومت سے میرا مطالبہ ہے کہ اس معاملے میں سخت اور فوری کارروائی کی جائے، قصورواروں کو سخت سزا دی جائے اور متوفی کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ اور ملازمت دینے پر غور کیا جائے۔ عاجزانہ خراج تحسین۔‘‘
واضح ہو کہ صحافی مکیش چندراکر نے ٹھیکیدار سریش چندراکر کی بدعنوانی کو اپنی رپورٹ کے ذریعہ بے نقاب کیا تھا۔ ٹھیکیدار سریش چندراکر کو بستر میں 120 کروڑ روپے کی سڑک بنانے کا ٹھیکہ ملا تھا۔ صحافی مکیش کی خبر کے بعد حکومت نے ٹھیکیدار کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ یکم جنوری سے مکیش چندراکر لاپتہ تھے اور ان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں چل رہا تھا۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ٹھیکیدار سریش چندراکر کے بھائی رتیش نے مکیش کو آخری دفعہ کال کیا تھا۔ اس کے بعد سے ہی مکیش چندراکر کا فون بند تھا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ جتیندر یادو نے بھی بتایا ہے کہ بیجاپور کے صحافی مکیش چندراکر یکم جنوری سے اپنے گھر سے لاپتہ تھے۔ ان کے بڑے بھائی یوکیش چندراکر نے پولیس اسٹیشن میں ان کے غائب ہونے کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ ہم نے ایک ٹیم بنائی اور انہیں تلاش کرنا شروع کیا۔ تلاش کے دوران ان کی لاش ایک ٹینک سے ملی۔ جس جگہ سے لاش ملی وہ ٹھیکیدار سریش چندراکر کے گھر کے احاطے میں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جواں سال صحافی مکیش چندراکر کی موت کے بعد چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ وشنو دیو نے قصورواروں کو سخت سزا دینے کی بات کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر 3 جنوری کو ہی ایک پوسٹ کیا تھا اور لکھا تھا کہ ’’بیجاپور کے نوجوان اور مخلص صحافی مکیش چندراکر کے قتل کی خبر انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہے۔ مکیش کا جانا صحافت کی دنیا اور سماج کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اس واقعے کے مجرم کو کسی بھی حالت میں بخشا نہیں جائے گا۔ ہم نے مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دینے کی ہدایت دی ہے۔‘‘