نئی دہلی (پی ٹی آئی) عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال نے ہفتہ کے دن کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کو اپنے اتحاد کا باقاعدہ اعلان کردینا چاہئے۔ انہوں نے یہ طنز دہلی اسمبلی الیکشن سے قبل 2 اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے ان پر سخت تنقید کے بیچ کیا۔
کجریوال نے کانگریس پر یہ بھی طنز کیا کہ چند میڈیا والوں کو چھوڑکر عوام نے اسے سنجیدگی سے لینا چھوڑدیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دہلی اسمبلی الیکشن کے لئے کانگریس اور بی جے پی میں پس پردہ مفاہمت ہوچکی ہے۔ اپوزیشن انڈیا بلاک میں شامل عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے تعلقات ہریانہ اسمبلی الیکشن میں اتحاد نہ ہونے کے بعد سے بگڑتے چلے گئے۔
عام آدمی پارٹی نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سینئر کانگریس قائد اجئے ماکن کے خلاف کارروائی کی جائے جنہوں نے کجریوال کو ملک دشمن کہا ہے۔ اس نے دھمکی دی کہ وہ کانگریس کو انڈیا بلاک سے نکال باہر کرنے کے لئے دیگر جماعتوں سے رابطہ قائم کرے گی۔
ہفتہ کے دن بعض عورتوں نے کجریوال کے فیروزشاہ روڈ والے بنگلہ کے سامنے احتجاج کیا۔ وہ پنجاب میں ماہانہ ایک ہزار روپے اعزازیہ کا مطالبہ کررہی تھیں۔ پنجاب میں بھی عام آدمی پارٹی کی حکومت ہے۔ پریس کانفرنس میں کجریوال نے دعویٰ کیا کہ یہ عورتیں کانگریس اور بی جے پی سے تعلق رکھتی ہیں۔ یہ پنجاب کی عورتیں نہیں ہیں۔ پنجاب کی ساری عورتیں عام آدمی پارٹی کے ساتھ ہیں۔
وہ ہم پر بھروسہ کرتی ہیں۔ کجریوال نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کو باقاعدہ اعلان کردینا چاہئے کہ وہ متحد ہوکر عام آدمی پارٹی کے خلاف الیکشن لڑر؎ہی ہیں۔ یہ ڈھکاچھپا اشتراک ناقابل ِ قبول ہے۔ بی جے پی کو نشانہ ئ تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھگوا جماعت کے پاس نہ تو امیدوارِ چیف منسٹری ہے اور نہ کوئی ایجنڈہ۔ اس کے قائدین مجھے کوس کر دہلی اسمبلی الیکشن جیتنے کی کوشش کررہے ہیں کیونکہ ان لوگوں کے پاس ایسا کوئی کارنامہ ہی نہیں جس کا وہ ذکر کرسکیں۔
اب دہلی کی جنتا طئے کرے گی کہ آیا وہ کام کرنے والوں کو پسند کرتی ہے یا گالیاں دینے والوں کو۔ کجریوال نے کہا کہ ہمارا 10 سال کا ٹریک ریکارڈ ہے اور آئندہ 5 سال کے لئے منصوبہ تیار ہے جبکہ بی جے پی کے پاس گالیاں دینے کے سوا کچھ بھی نہیں۔ 70 رکنی دہلی اسمبلی کے لئے الیکشن فروری میں ہونے والا ہے۔ عام آدمی پارٹی اپنے تمام امیدواروں کا اعلان کرچکی ہے جبکہ کانگریس نے صرف 48 اور بی جے پی نے 29 حلقوں سے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔