شام کے سابق صدر بشار الاسد کی صحت کے تعلق سے تشویشناک خبریں موصول ہورہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، ان پر زہر دینے کی کوشش کی گئی تھی، جس کے باعث وہ شدید کھانسی اور سانس لینے میں دقت کا شکار ہوئے۔
29 دسمبر کو بشار الاسد کی صحت کے خراب ہونے کی خبر آئی۔ ڈاکٹروں نے ان کا معائنہ کیا اور ٹیسٹوں میں زہریلے مواد کی موجودگی کا اشارہ ملا۔ اگرچہ ان کی صحت اب مستحکم بتائی جا رہی ہے
، لیکن اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ روس کے ایک سابق انٹیلیجنس افسر نے اس بات کی تصدیق سوشل میڈیا پر کی، لیکن روسی حکام کی جانب سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں ہوا۔
شام میں باغی فورسز نے دارالحکومت دمشق پر قبضہ کر لیا تھا، جس کے بعد بشار الاسد اپنے ارکان خاندان کے ساتھ شام سے فرار ہو کر روس چلے گئے۔ اس دوران سوشل میڈیا پر یہ افواہیں بھی گردش کرتی رہیں
کہ باغیوں نے ان کے طیارے کو تباہ کر دیا، تاہم روس نے باضابطہ طور پر اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے بشار الاسد کو سیاسی پناہ دی ہے۔
بشار الاسد کی ذاتی زندگی سے متعلق بھی ایک خبر منظرعام پر آئی، جس کے مطابق ان کی اہلیہ اسماء الاسد نے ان سے علیحدگی کی درخواست دی ہے۔
اسماء، جنہوں نے لندن میں ایک شامی خاندان میں جنم لیا اور وہیں پروان چڑھیں، 2000 میں شام آئیں اور اسی سال بشار الاسد سے شادی کی۔ وہ اس وقت سے شام کی خاتون اول کے طور پر جانی جاتی ہیں۔