پرینکا گاندھی نے پوسٹ میں جواہر لال نہرو کے قول کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ملک تھوڑے آدمیوں کے اونچی کرسی پر بیٹھنے سے نہیں اٹھتے، ملک اٹھتے ہیں تب جب کروڑوں لوگ خوشحال ہوتے ہیں اور ترقی کرتے ہیں۔‘‘
وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ اور کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کمزور ہوا ہے۔ ہندوستانی کنبوں کی آمدنی کم ہو رہی ہے اور لوگ قرض لے رہے ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ میں سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے قول کو یاد کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ملک تھوڑے آدمیوں کے اونچی کرسی پر بیٹھنے سے نہیں اٹھتے، ملک اٹھتے ہیں تب جب کروڑوں لوگ خوشحال ہوتے ہیں اور ترقی کرتے ہیں۔‘‘
پرینکا گاندھی نے ’ایکس‘ پر کیے گئے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’آر بی آئی کے مطابق ہندوستانی کنبوں کی آمدنی لگاتار گھٹ رہی ہے اور قرض لینے والوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ ڈیمونیٹائزیشن کے بعد سے لگاتار نوکریاں گھٹی ہیں اور یہ ٹرینڈ اب تک جاری ہے۔ آمدنی میں کمی کی وجہ سے قرض کی ادائیگی مشکل ہوتی جا رہی ہے۔ نتیجتاً رواں مالی سال کے شروعاتی 7 ماہ میں گولڈ لون میں 56 فیصد کا اضافہ ہوا، لیکن ساتھ ہی گولڈ لون ڈیفالٹ میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔‘‘ ساتھ ہی پرینکا گاندھی نے لکھا کہ وزیر اعظم نے سالانہ 2 کروڑ نوکریاں، 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت، وِشوگرو اور نئے سال کی قراردادیں جیسے جملے تو خوب دیے لیکن اصل میں ان کی معاشی حکمت عملیوں نے کروڑوں لوگوں کو کمزور کر دیا ہے۔
پرینکا گاندھی نے معاشی عدم مساوات کے بارے میں لکھا کہ ’’عالمی عدم مساوات کے ڈیٹا بیس کے مطابق بی جے پی کے دور حکومت میں معاشی عدم مساوات برطانوی حکومت سے بھی زیادہ بڑھ گئی ہے۔ ملک کی نصف سے زیادہ دولت پر ایک فیصد امیروں کا قبضہ ہے۔ گزشتہ 8 سہ ماہی سے نجی کھپت مسلسل نیچے گر رہی ہے اور گھریلو بچت 50 سال کی سب سے کم سطح پر ہے۔ متوسط اور کم آمدنی والے طبقوں پر بالواسطہ ٹیکسوں کے بوجھ نے مہنگائی میں خاصہ اضافہ کر دیا ہے، جس کی وجہ سے عام لوگ اپنی فیملی بہتر طریقے سے نہیں چلا پا رہے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔