نئی دہلی۔ وقت ہمیشہ آگے بڑھتا ہے لیکن کیا آپ نے وقت کو پیچھے جاتا دیکھا ہے؟ ایسا چونکا دینے والا واقعہ ایک طیارہ میں سوار مسافرین کے ساتھ پیش آیا۔کیتھی پیسفک ائیر لائن کی پرواز سی ایکس 880 نے نئے سال کی رات اپنے مسافروں کو پچھلے سال میں واپس لے جا کر سب کو حیران کر دیا۔ ہانگ کانگ سے لاس اینجلس کے لیے اس منفرد سفر نے نہ صرف وقت کا جادو دکھایا بلکہ مسافروں کو دو مرتبہ نئے سال کا جشن منانے کا موقع دیا۔
کہانی کچھ یوں ہے کہ یہ پرواز یکم جنوری 2025 کو ہانگ کانگ سے رات 12:38 پر روانہ ہوئی۔مسافروں نے نئے سال کو خوش آمدید کہا لیکن جب طیارہ لاس اینجلس پہنچا تو کیلنڈر پیچھے پلٹ چکا تھا یہ پرواز 31 دسمبر 2024 کو شام 6:55 بجے لاس اینجلس میں لینڈ ہوئی۔
آپ سوچ رہے ہوں گے یہ کیسے ممکن ہوا؟ دراصل ہانگ کانگ کا وقت لاس اینجلس سے 16 گھنٹے آگے ہے۔ یوں مسافروں نے ہانگ کانگ میں نئے سال کا آغاز دیکھا اور لاس اینجلس پہنچ کر ایک بار پھر پچھلے سال میں واپس آ گئے۔یہ جادوئی پرواز اپنے مسافروں کے لیے وقت کا سفر ثابت ہوئی جہاں انھوں نے دو مرتبہ نئے سال کا استقبال کیا۔
یہ لمحہ یقینی طور پر ان کی زندگی کے یادگار تجربات میں سے ایک بن گیا۔