مختلف پارٹیوں سے آئے لیڈران و کارکنان کو کانگریس میں شامل کرتے ہوئے دیویندر یادو نے کہا کہ ’’آپ کے تعاون اور حمایت سے ہم سب مل کر مضبوطی کے ساتھ دہلی میں مثبت تبدیلی کی سمت میں کام کریں گے۔‘‘
نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے آج مختلف سیاسی پارٹیوں سے آئے لیڈران و کارکنان کو کانگریس فیملی میں شامل کیا۔ دیویندر یادو نے بادلی اسمبلی حلقہ سے عام آدمی پارٹی کے جوائنٹ سکریٹری سربجیت سنگھ، 2020 اسمبلی انتخاب کے اسٹار پرچارک فرید شاہ، مصطفی آباد اسمبلی حلقہ سے عآپ کے سابق میونسپل کونسلر پروین، محمد معروف اور 2022 میں کارپوریشن انتخاب کی بی ایس پی امیدوار رجنی سوریہ ونشی کو کانگریس پارٹی میں شامل کیا۔ ان کے ساتھ ساتھ سینکڑوں دیگر لوگوں کو پارٹی کا پٹکا پہنا کر کانگریس میں شامل کیا گیا۔ اس موقع پر دیویندر یادو نے کہا کہ ’’آپ کے تعاون اور حمایت سے ہم سب مل کر مضبوطی کے ساتھ دہلی میں مثبت تبدیلی کی سمت میں کام کریں گے۔‘‘
کانگریس ریاستی صدر کا کہنا ہے کہ عام آدمی پارٹی کا جہاز ڈوب رہا ہے۔ دہلی کی عوام سمیت ان کے وزیر، رکن اسمبلی، کونسلر اور علاقائی لیڈران اروند کیجریوال سے مایوس ہو چکے ہیں۔ عام آدمی پارٹی میں بدعنوانی اور غلط حکمرانی کی وجہ سے بھگدڑ مچی ہوئی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی قیادت اور ملک کے لیے راہل گاندھی کی جدوجہد سے متاثر ہوکر پارٹی میں شامل ہونے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، ان سبھی کا کانگریس پریوار میں استقبال ہے۔ کانگریس ایک کھلا منچ ہے جس میں ہر شخص کو برابر کا حق حاصل ہے اور بولنے کی آزادی ہے۔ کانگریس اپنے آئین کے تحت کام کرتی ہے، نہ کہ کسی خاص شخص کے دباؤ میں۔
سینکڑوں لوگوں کو کانگریس میں شامل کیے جانے کی اس تقریب میں دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو کے علاوہ سابق رکن پارلیمنٹ اُدِت راج، کانگریس سکریٹری دانش ابرار، دہلی حکومت کے سابق وزیر ڈاکٹر نریندر ناتھ، سابق رکن اسمبلی ہری شنکر گپتا، حسن احمد، بھیشم شرما، درشنا رام کمار، ضلع صدر جاوید مرزا اور مصطفیٰ آباد سے کانگریس امیدوار علی مہدی سمیت بلاک صدر اور کانگریس کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔