حیدرآباد: ریوَنت ریڈی کو 375 ووٹ دلوا کر اسمبلی انتخابات میں کامیاب کرنا ہی میرا جرم بن گیا، آج مجھے ہی سڑک پر لا کھڑا کر دیا گیا،” یہ الفاظ ایک متاثرہ شخص کے ہیں جو خواجہ گوڑہ بھگیرتھما تالاب کے بفر زون میں کی گئی انہدامی کارروائی کے بعد اشک بار نظر آیا۔
خواجہ گوڑہ میں آج صبح حیدرآباد میونسپل حکام نے بھگیرتھما تالاب کے بفر زون میں غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا۔ انہدامی کارروائی کے دوران ایک متاثرہ شخص نے شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ “مجھے کے سی آر پسند نہیں، لیکن ان کے دورِ حکومت میں اس طرح کی کارروائیاں کبھی نہیں ہوئیں۔
دل سے کہہ رہا ہوں، کے سی آر کے دور میں مسماری کا لفظ تک سننے کو نہیں ملا۔ لیکن اب، میں نے اپنے خاندان کے ساتھ لڑ جھگڑ کر ریوَنت ریڈی کیلئے 375 ووٹ دلوائے، اور آج مجھے ہی بے گھر کر دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا، “صرف ہمارا ہی مکان گرایا گیا، باقی لوگوں کے مکانات کیوں نہیں گرائے گئے؟ کیا انہوں نے 20 لاکھ روپے رشوت دی تھی؟ رشوت لے کر کچھ لوگوں کے مکانات کو چھوڑ دیا گیا، جبکہ ہم نے کوئی محل نہیں بنایا تھا، نہ ہی کوئی بڑی عمارت کھڑی کی تھی۔
ہم نے صرف لکڑی اور ٹین کے شیڈ بنا رکھے تھے، اور آج وہ سب کچھ ملبے میں تبدیل کر دیا گیا۔ ہمارا سامان سڑک پر پڑا ہے۔ ہم مہینے کے 12 ہزار روپئے کرایہ پر دے کر یہاں رہ رہے تھے۔”
متاثرہ شخص نے حکام پر جانبداری اور کرپشن کا الزام لگایا اور سوال کیا کہ باقی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق، ان کے ساتھ سراسر ناانصافی ہوئی ہے۔