امیدواروں کا دعویٰ ہے کہ پیپر لیک ہوا، پیپر کی تقسیم میں تاخیر ہوئی اور کئی امیدواروں کا کہنا تھا کہ پیپر تقریباً ایک گھنٹہ تاخیر سے موصول ہوا۔
پولیس نے اتوار یعنی 29 دسمبرکو بہار پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) کمبائنڈ (ابتدائی) مسابقتی امتحان (سی سی ای) کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرنے والے طلباءمظاہرین پر لاٹھی چارج کیا۔ پٹنہ میں ہوٹل موریا کے نزدیک جے پی گول چکر پر احتجاج کرنے والے امیدواروں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے پانی کا بھی استعمال کیا۔ کانگریس نے اس معاملے پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت اپنی انا چھوڑے۔
بی پی ایس سی امتحان میں دھاندلی کے خلاف بہار میں بے روزگار نوجوان کئی دنوں سے احتجاج کر رہے ہیں، لیکن حکومت ان کی بات سننے کو تیار نہیں ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی انا کو ایک طرف چھوڑ کر نوجوانوں سے بات کرے اور ان کے مطالبات تسلیم کرے۔
بی پی ایس سی کے امیدوارتعطل پر بات کرنے کے لیے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملنے کے اپنے مطالبے پر اٹل نظر آئے۔طلبا ء نے جے پی گول چکر کے قریب پولیس کی طرف سے لگائی گئی دو رکاوٹوں کو توڑ دیا۔ گاندھی میدان میں پولیس اہلکاروں اور بی پی ایس سی امیدواروں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا۔
ساتھ ہی پرشانت کشور کے ساتھ ساتھ جن سورج پارٹی کے ریاستی صدر کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان کے خلاف امیدواروں کو اکسانے، سڑکوں پر لانے اور ہنگامہ کرنے جیسی سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پرشانت کشور سمیت 19 سے زیادہ لوگوں کو ملزم بنایا گیا ہے۔ 600 سے زیادہ نامعلوم افراد کو ملزم بنایا گیا ہے کیونکہ انتظامیہ نے گاندھی میدان میں مظاہرے کی اجازت نہیں دی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔