گواسکر اور شاستری‘ نتیش ریڈی کے والد سے ملکر جذباتی ہوگئے

ملبورن:عظیم بلے باز سنیل گواسکر نے ہندوستان کے اسٹار آل راؤنڈر نتیش کمار ریڈی کے والد متیالہ ریڈی کو بتایاکہ ان کی قربانی نے ملک کو ’کرکٹ میں ایک جواہر‘ دریافت کرنے میں مدد کی ہے۔ گواسکر نے اتوار کو نتیش کے والدین سے ملاقات کی۔ اس دوران وہ جذباتی بھی ہوگئے اور ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ اس موقع پر روی شاستری بھی جذباتی نظر آئے۔

آسٹریلیا کے خلاف 21 سالہ نتیش کی شاندار پہلی ٹسٹ سنچری کی بدولت ہندوستان نے چوتھے کرکٹ ٹسٹ کی پہلی اننگز میں 369 رنز بناکر میزبان ٹیم کی برتری کو 105 رنز تک محدود کردیا۔ اس سے قبل آسٹریلیا کے 474 رنز کے جواب میں میزبان ٹیم 221 رنز پر 7 وکٹیں گنوانے کے بعد ایک وقت مشکلات کا شکار تھی۔

 گواسکر نے متیالا ریڈی سے کہا کہ نتیش کے سفر میں آپ نے جو بڑی قربانیاں دی ہیں اس کی وجہ سے میری آنکھوں میں آنسو ہیں۔ آپ کی وجہ سے ہندوستان کو کرکٹ میں ایک جواہر ملا ہے۔

اس پر متیالہ نے سابق کپتان اور عظیم بلے باز گواسکر سے اظہار تشکر کیا اور کہاکہ وہ ہر اس شخص کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جو ان کے ساتھ تھے اور اس سفر میں ان کی مدد کی۔ اس کے بعد نتیش کی جذباتی ماں نے گواسکر سے کہاکہ انہیں اب بھی یقین نہیں آرہا ہے کہ ان کا بیٹا اتنے بڑے میدان پر کھیل رہاہے اور اس نے اتنی بڑی اننگز کھیلی ہے۔

متیالہ نے ہفتہ کو اپنے بیٹے کو ہندوستان کو مقابلے میں برقرار رکھنے کیلئے شاندار سنچری بناتے ہوئے دیکھا تھا۔ وہ سامعین گیلری میں موجود تھے اور جب نتیش 90 کی دہائی میں تھے، کیمرہ مسلسل متیالہ کی طرف تھا۔ انہوں نے گواسکر کے پیروں کو بھی احترام کے نشان کے طورپر چھوا۔

اس سے قبل سابق ہندوستانی کوچ روی شاستری نے بھی کہا تھاکہ نتیش کی شاندار اننگز دیکھ کر ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ آٹھویں نمبر پر بلے بازی کرنے آئے نتیش چوتھے دن صبح کے سیشن میں 189 گیندوں میں 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 114 رنز بنانے کے بعد آخر کار آؤٹ ہوگئے۔

روی شاستری نے کہاکہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس نے جس طرح سے بلے بازی کی، اپنا ٹیلنٹ اور ڈسپلن دکھایا اسی لیے آپ اور عرفان (کامنٹری کرتے ہوئے) بول رہے تھے اور میں خاموش ہوگیا اور میری آنکھوں میں آنسو آگئے۔ شاستری نے مزید کہاکہ میری آنکھوں میں اتنی آسانی سے آنسو نہیں آتے۔ مجھے نتیش کی اننگز دیکھ کر بہت اچھا لگا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *