حیدرآباد: حیدرآباد ڈیزاسسٹر ریسپانس اینڈ ایسیٹ مانیٹرنگ اینڈ پروٹیکشن ایجنسی (حائیڈرا) کے کمشنر اے وی رنگناتھ نے اعلان کیا ہے کہ ایجنسی نے حیدرآباد میں 200 ایکر اراضی واپس حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے حیدرآباد میں آج حائیڈرا کی سالانہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے ایجنسی کے کارناموں اور اقدامات کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ حائیڈرا کی کارروائیوں کے نتیجہ میں ایف ٹی ایل اور بفر زونس میں غیر مجاز تعمیرات کے سلسلہ میں عوام کی بیداری میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب فلاٹس اور پلاٹس کی خریداری میں مزید محتاط ہوگئے ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ حائیڈرا نے تاحال 8 تالابوں اور 12 پارکس کا تحفظ کیا۔
یہ کہتے ہوئے کہ این آر ایس ای ادارے کے تال میل کے ساتھ سٹلائٹ کی تصاویر حاصل کی گئی ہیں اور فضائی ڈرون کی تصاویر کا بھی استعمال کیا جارہا ہے، کمشنر نے کہا کہ سرکاری اراضیات کی جیو فینسنگ کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تالابوں کے علاقوں میں تبدیلیوں کا پتہ چلانے کے لئے سال 2000ء سے 2024ء تک کی تصاویر کو ترتیب دینے کا کام کیا جارہا ہے۔