حیدرآباد: تلنگانہ کے جگتیال کے سرکاری اسپتال میں غیرانسانی واقعہ پیش آیا۔ شوہر کے علاج کے لیے آئی ضعیف خاتون کے شوہر کے بسترپر لیٹنے پر اسپتال کے عملہ نے ضعیف خاتون کو وہیل چیر پر بٹھاکر اسپتال سے باہر نکال دیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کے راگھاوا پٹنم گاؤں سے تعلق رکھنے والے ضعیف شخص راجہ نرسوکو صحت کی خرابی پر اس کی ضعیف بیوی ملوا نے جگتیال کے سرکاری اسپتال میں داخل کروایا۔
ضعیف خاتون کے ہاتھ میں فریکچر تھا، اس کے ہاتھ پر پٹی بندھی ہوئی تھی۔اس کے باوجود وہ اسپتال میں اپنے شوہر کی تیمارداری کررہی تھی۔
اس دوران بلڈ پریشر کے باعث کمزوری محسوس کرتے ہوئے ملوا اپنے شوہر کے لیے مختص بیڈ پر لیٹ گئی۔
یہ دیکھ کر اسپتال کے عملے نے اعتراض کیا کہ یہ بیڈ صرف مریض کے لیے مختص ہے۔
اسپتال کے عملہ نے پریشان حال ملوا کو وہیل چیئر پر اسپتال کے باہر لے جا کر چھوڑ دیا۔
یہ دیکھ کر راجا نرسو، اپنی بیوی کی تلاش میں اسپتال سے باہر آیا اور وہ اسپتال کے باہر بیوی کو دیکھ کر سڑک پر اپنی بیوی کے ساتھ بیٹھ گیا۔
ضعیف جوڑے کی یہ حالت دیکھ کر مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو دوبارہ اسپتال میں داخل کروایا۔