مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غرب اردن کے مختلف مقامات پر صہیونی فورسز کے حملوں میں ایک فلسطینی جوان شہید ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تل ابیب اس وقت غرب اردن میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کر رہا ہے، کیونکہ اس علاقے میں 700,000 سے زائد صیہونی آبادکار غیرقانونی طور پر قائم 250 بستیوں میں رہائش پذیر ہیں۔ اسی وجہ سے اسرائیلی فوج مسلسل فلسطینیوں کو دبانے اور گرفتار کرنے کی کارروائیاں کررہی ہے۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے مغربی کنارے کے شہر جنین کے جنوب مشرقی علاقے پر حملہ کرکے 18 سالہ فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا۔
مغربی کنارے کے دیگر علاقوں الجلیل، رام اللہ، طولکرم، بیت لحم، اور بیت المقدس میں بھی اسرائیلی فوجیوں نے نہتے شہریوں کو گرفتار کرنے کی کارروائیاں کیں۔
طولکرم میں اسرائیلی فوجیوں کی ایک کارروائی کے نتیجے میں 8 فلسطینی شہید ہو گئے، جبکہ مختلف علاقوں سے کم از کم 25 شہریوں کو گرفتار کیا گیا۔
فلسطینی اسیروں کی تنظیم کے مطابق غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک اسرائیلی فوجیوں نے کم از کم 12,100 غیر مسلح شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔
اسی عرصے میں 700 سے زائد عام شہری اسرائیلی فوجیوں اور آبادکاروں کے ہاتھوں شہید ہو چکے ہیں۔