سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے چوکی بل علاقے میں آتشزدگی کی ایک شبانہ واردات میں 3 رہائشی مکان، ایک آئی سی ڈی ایس سینٹر اور 2 گائو خانے خاکستر ہوگئے۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی نے بتایا کہ اس دوران محکمے کا ایک اہلکار عرفان احمد ڈار زخمی ہوا جس کو علاج و معالجے کے لئے فوری طور پر نزدیکی ہسپپتال منتقل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کپوارہ کے چوکی بل کے مرسری علاقے میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ایک مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے متصل ہی واقع دو مکانوں، ایک آئی سی ڈی ایس سینٹر اور دو گائو خانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی نزدیکی اسٹیشنوں سے فائر ٹنڈرس جائے واردات پر پہنچے اور آگ کو قابو میں کر لیا۔
حکام نے بتایا کہ اس واردات میں تین رہائشی مکان، ایک آئی سی ڈی ایس سینٹر اور دو گائو خانے خاکستر ہوگئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ فوج اور مقامی لوگوں نے بھی آگ کو قابو کرنے میں بھر پور مدد کی۔آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتایا جاتا ہے۔