براک اوباما کے مطابق ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ہندوستان میں بڑھتے ہوئے مسلم مخالف جذبات اور اس کے نتیجے میں بی جے پی کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
ہندوستان کے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے 26 دسمبر کو دہلی کے ایمس میں آخری سانس لی۔ وہ کافی عرصے سے بیمار تھے۔ ان کی زندگی اور خدمات کو یاد کرتے ہوئے کئی اہم واقعات کا ذکر کیا جا رہا ہے۔ ان میں سے ایک واقعہ سابق امریکی صدر براک اوباما کی یادداشت سے متعلق ہے۔ اوباما نے اپنی کتاب’ اے پرومسڈ لینڈ‘( “A Promised Land” )میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کی بہت تعریف کی تھی۔ اوباما نے سابق وزیر اعظم کے بارے میں بہت سی باتوں کا ذکر کیا تھا۔
براک اوباما نے جون 2010 میں کینیڈا میں G-20 کانفرنس کے دوران ڈاکٹر منموہن سنگھ سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ ’’جب منموہن سنگھ بولتے ہیں تو پوری دنیا سنتی ہے۔‘‘ نومبر 2020 میں شائع ہونے والی اوباما کی کتاب A Promised Land میں ان کے ہندوستان کے پہلے دورے اور ڈاکٹر منموہن سنگھ کے ساتھ ان کی بات چیت کو پیش کیا گیا ہے۔
سابق امریکی صدر براک اوباما کی لکھی گئی کتاب A Promised Land ان کے سیاسی کیریئر پر مبنی ان کی یادداشتوں کا پہلا حصہ ہے۔ اس کتاب میں نومبر 2010 میں ان کے دورہ ہندوستان کے دوران پیش آنے والے واقعات اور گفتگو کو تفصیل سے لکھا گیا ہے۔ اوباما نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ہندوستان کی اقتصادی تبدیلی کے چیف معمار کے طور پر بیان کیا اور انہیں ایک “ذہین، فکر مند اور وفادار رہنما” قرار دیا۔
براک اوباما کے مطابق ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ہندوستان میں بڑھتے ہوئے مسلم مخالف جذبات اور اس کے نتیجے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا تھا کہ غیر یقینی وقت میں مذہبی اور ذات پات کے اتحاد کی دعوت دے کر لوگوں کو گمراہ کرنا آسان ہو جاتا ہے۔ سیاست دانوں کے لیے اسے اپنے مفاد میں استعمال کرنا مشکل نہیں ہے، چاہے وہ ہندوستان میں ہو یا دنیا کے کسی اور حصے میں۔ اوباما نے اس سے اتفاق کیا اور یورپ میں جمہوریت اور لبرل ازم کے چیلنجوں کا ذکر کیا۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ نے اوباما سے پاکستان کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات پر بھی بات کی۔ انہوں نے جوہری ہتھیار رکھنے والے پڑوسی ملک کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ اوباما نے لکھا ہے کہ 2008 میں ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے بعد پاک ہندوستان تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے۔ اوباما کے مطابق ڈاکٹر سنگھ نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی کے لشکر طیبہ جیسی دہشت گرد تنظیموں سے منسلک ہونے کے الزامات کی وجہ سے دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
براک اوباما نے ڈاکٹر سنگھ کو ہندوستان کی اقتصادی ترقی کا ایک بڑا معمار قرار دیا۔ انہوں نے لکھا کہ ڈاکٹر سنگھ عالمگیریت اور اقتصادی بحران کے اثرات کو گہرائی سے سمجھتے ہیں۔ ان کی سوچ صرف ہندوستان تک محدود نہیں تھی بلکہ عالمی سیاست اور معیشت پر بھی ان کی گہری گرفت تھی۔ (بشکریہ نیوز پورٹل ’اے بی پی‘)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔