[]
حیدرآباد ۔ فارمولا ای کار ریسنگ معاملے میں بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی آر کو ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ عدالت نے کے ٹی آر کی گرفتاری پر 30 دسمبر تک روک لگادی ہے، لیکن ساتھ ہی کیس کی تحقیقات جاری رکھنے کی اجازت دی ہے۔ عدالت نے اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کو کاؤنٹر داخل کرنے کا حکم دیا اور اگلی سماعت 27 دسمبر کو مقرر کی ہے۔
فارمولا ای کار ریسنگ کیس میں کے ٹی آر کی جانب سے داخل کی گئی کوائش پٹیشن پر آج ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ اس دوران کے ٹی آر کے وکیل سوندارم نے عدالت میں دلائل پیش کیے۔ انہوں نے بتایا کہ کے ٹی آر پر اینٹی کرپشن ایکٹ کے تحت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے لیکن یہ دفعات اس کیس پر لاگو نہیں ہوتیں۔
وکیل نے مزید کہا کہ فارمولا ای کار ریسنگ کا سیزن 9 گزشتہ سال منعقد کیا گیا تھا اور اس کے لیے 25 اکتوبر 2022 کو معاہدہ ہوا تھا۔ اس ریس سے حکومت کو 110 کروڑ روپے کا منافع ہوا۔ وکیل نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے اور یہ دعویٰ کہ پروسیجر پر عمل نہیں کیا گیا جو غلط ہے۔
انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایف آئی آر 14 ماہ بعد درج کی گئی اور ابتدائی تحقیقات کے بغیر کیس درج کیا گیا جو کہ ایک سیاسی سازش کا حصہ لگتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس کیس میں متعدد خامیاں ہیں اور اینٹی کرپشن ایکٹ کی دفعہ اس معاملے پر لاگو نہیں ہوتی۔ ہائی کورٹ نے ان دلائل پر غور کرتے ہوئے گرفتاری پر روک لگادی اور تحقیقات جاری رکھنے کا حکم دیا۔