[]
شرد پوار نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی، جس میں کسانوں کے مسائل پر بات چیت کی گئی۔ پوار نے سیاسی امور پر کسی بھی گفتگو سے انکار کیا اور وزیر اعظم مودی کو بطور تحفہ انار پیش کیا
این سی پی (ایس پی) کے سربراہ شرد پوار نے بدھ کو پارلیمنٹ عمارت میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی۔ دیویندر فڑنویس کی حلف برداری تقریب میں وزیر اعظم آئے تھے لیکن شرد پوار نہیں پہنچے تھے۔ ملاقات کے بعد شرد پوار نے بتایا کہ انہوں نے کسانوں کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی سے بات چیت کی ہے۔ اس دوران کسی بھی طرح کی سیاسی گفتگو نہیں ہوئی۔ شرد پوار نے ملاقات کے دوران وزیر اعظم مودی کو بطور تحفہ انار بھی پیش کیا۔ اس موقع پر شرد پوار کے ساتھ ستارا اور فالٹن کے کسان بھی موجود تھے۔
یہ بھی اطلاع ہے کہ دہلی میں اکھل بھارتیہ مراٹھی ساہتیہ سمیلن ہونے والا ہے۔ اس ساہتیہ سمیلن کا دعوت نامہ دینے کے لیے شرد پوار نے پی ایم مودی سے ملاقات کی ہے۔ پوار اس سمیلن کے استقبالیہ صدر ہیں۔ وزیر اعظم مودی سے ملاقات کے بعد پارلیمنٹ عمارت کے احاطہ سے باہر نکلتے ہوئے انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ ملاقات کسانوں کے معاملے پر ہوئی ہے۔
شرد پوار اور وزیر اعظم مودی کی یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب کسان ایک بار پھر سڑکوں پر ہیں۔ ایم ایس پی کی لیگل گارنٹی سمیت کئی مطالبات کو لے کر کسان ایک بار پھر زبردست مظاہرہ کر رہے ہیں۔ واضح ہو کہ گزشتہ سال مہاراشٹر کے پنے میں وزیر اعظم مودی اور شرد پوار کی ملاقات ہوئی تھی۔ تب ایک تقریب میں دونوں رہنماؤں نے ایک اسٹیج ساجھا کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔