[]
کانگریس لیڈر حسن احمد نے کہا کہ مہرولی کے رکن اسمبلی نریش یادو کو عآپ کے کنوینر اروند کیجریوال نے ٹکٹ دے کر مسلم سماج کی تذلیل کی ہے، مسلمانوں کیلئے یہ ناقابل برداشت ہے۔
نئی دہلی: ’’قرآن کریم کی بے ادبی کرنے والے مہرولی کے رکن اسمبلی نریش یادو کو عآپ کے کنوینر اروند کیجریوال نے ٹکٹ دے کر مسلم سماج کی تذلیل کی ہے، جو مسلمانوں کیلئے ناقابل برداشت ہے۔ اس کا جواب اسمبلی الیکشن میں دیا جائے گا۔‘‘ ان خیالا ت کا اظہار کانگریس کے سینئر لیڈر حسن احمد نے مصطفی آباد کے نہرو وہار میں عآپ قائد اروند کیجریوال و نریش یادو کا علامتی پُتلا نذر آتش کرنے کے موقع پر مظاہرین سے کیا۔
حسن احمد نے کہا کہ ایک طرف آسمانی کتاب قرآن کریم کی بے ادبی عآپ ممبر اسمبلی کر رہے ہیں اور دوسری طرف اروند کیجریوال مسلم سماج کا ووٹ حاصل کرنے کیلئے مسلمانوں کے درمیان جا رہے ہیں، جس سے لگتا ہے کہ کیجریول و ان کی پارٹی مسلم دشمنی پر اتر کر آر ایس ایس و بی جے پی کی طرح ہی مسلمانوں کے جذبات سے کھلواڑ کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب نریش یادو کو عدالت نے 2 سال کی سزا سنا دی تھی تو پھر کیجریوال کو ٹکٹ نہیں دینا تھا، لیکن جیسے ہی عآپ کی آخری لسٹ میں نریش یادو کا نام آیا مسلمانوں میں عام آدمی پارٹی کے خلا ف غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی اور مسلم سماج کیجریوال کے اس قدم کو اپنے منہ پر طمانچہ تصور کر رہے ہیں۔
کانگریس لیڈر کا کہنا ہے کہ پارٹی لیڈران، کارکنان و مصطفی آباد کے سینکڑوں لوگوں نے ناراضگی جتاتے ہوئے عآپ لیڈران کا علامتی پُتلا نذر آتش کیا ہے، اور عزم کیا ہے کہ اسمبلی الیکشن میں مسلمان کانگریس امیدواروں کے حق میں متحد ہو کر ووٹنگ کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عام آدمی پارٹی کی تشکیل بدعنوانی کے خلاف انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے ہوئی تھی، لیکن اس کے برعکس مسلمانوں کے خلاف عآپ کے قائد کا چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔ اس کی مثال یہ ہے کہ اروند کیجریوال نے 2020 کے مسلم مخالف فساد میں مسلم سماج سے دوری اختیار کی، جس کے نتیجہ میں مسلم نو جوانوں نے ناکردہ گناہوں کی سزا کاٹی اور ہنوز کافی نوجوان جیل میں بند ہیں۔ کورونا وبا پھیلانے کا الزام تبلیغی مرکز پر لگایا گیا جس سے ملک و بیرین ممالک کے جماعتیوں کو جیل کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں، ان کے سربراہ کو بھی پھنسانے کا کام کیجریوال نے ہی کیا تھا۔ اس لیے عآپ اور اس کے قائد سے مسلم سماج کو اپنی خیر خواہی کی توقع رکھنا فضول ہے۔ وہ آر ایس ایس اور بی جے پی کی طرز پر مسلمانوں کے خلاف سرگرم ہیں۔
مظاہرہ میں شامل کانگریس لیڈر علی مہدی نے کہا کہ مصطفی آباد کو عام آدمی پارٹی نے تباہ و برباد کر کے رکھ دیا۔ یہی وجہ ہے کہ اس بار عآپ کے امیدوار عادل خان اپنی ضمانت تک نہیں بچا پائیں گے۔ غریب نواز فاؤنڈیشن کے چیئرمین انصار رضا نے کہا کہ جس طرح بی جے پی حکومت میں مسلمانوں کے خلاف نت نئی سازشیں کی جا رہی ہیں، وہ بی جے پی کے زوال کی علامت ہے۔
اس مظاہرہ میں اسلام بہرام پوری، علیم انصاری، محمود حسن انصاری، اشوک بھگیل، حاجی شریف، فقیر چند، ظریف انصاری کے علاوہ بڑی تعداد میں مصطفی آباد کے لوگ شامل تھے اور اروند کیجریوال کے خلاف فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔