کانگریس نے آئین کو بھی ایک خاندان کی جاگیر بنادیا تھا: امیت شاہ

[]

نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کانگریس حکومتوں اور لیڈروں پر آئین کو توڑ مروڑ کر اس کے ساتھ کھیلنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آئین کو بھی ایک خاندان کی ملکیت بنا دیا تھا جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومتوں نے آئین کی روح کے مطابق ملک کی سماجی اور معاشی ترقی کی ہے۔

آئین کے 75 سال کے شاندار سفر پر راجیہ سبھا میں 21 گھنٹے طویل بحث کا جواب دیتے ہوئے مسٹرشاہ نے منگل کو کہا کہ یہ بحث ملک کو آئین کی بنیادی روح سے تو واقف کرائے گی ہی یہ بھی بتائے گی جب آئین کی روح کو توڑ مروڑ کر کوئی آگے بڑھتا ہے تو اس کی کس طرح کی حالت ہوتی ہے؟

انہوں نے کہا کہ اس بحث میں ایوان کے 80 ارکان نے حصہ لیا اور اس وسیع بحث سے ہماری آنے والی نسل اور عوام کو یہ فیصلہ کرنے میں بھی مدد ملے گی کہ کس پارٹی نے آئین کا تحفظ کیا اور کس نے اس کے ساتھ کھلواڑ کیا۔

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ آئین بنانے کے بعد بابا صاحب امبیڈکر نے کہا تھا کہ اگر اسے چلانے والے اچھے لوگ نہ ہوں تو آئین بھی برابن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی زندگی کا ضابطہ ہے، اسی لیے آئین میں ہی آئین تبدیل کرنے کا التزام کیاگیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس دونوں نے ہی آئین میں تبدیلیاں کیں لیکن سوچنے کی بات ہے کہ اس کا طریقہ کار اور مقصد کیا تھا۔ سوچنے کی بات ہے کہ یہ ترامیم جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے کی گئیں یا اپنی کرسی بچانے کے لیے، اس سے پارٹی کے جذبات کی عکاسی ہوتی ہے۔

بی جے پی اور کانگریس کی حکومتوں کی طرف سے کی گئی چار چار ترامیم کی مثالیں دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اظہار رائے کی آزادی کو دبانے، شہریوں کے بنیادی حقوق کو کم کرنے، وزیر اعظم کے عہدے کی عدالتی تحقیقات پر سابقہ ​​پابندی عائد کرنے اورلوک سبھا اور اسمبلی کی مدت کار کو پانچ سے بڑھا کر چھ کرنے اور پارلیمنٹ میں کورم کی ضرورت کو ختم کرنے جیسی ترامیم کیں۔

ان ترامیم کا واحد مقصد اقتدار کو بچانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو بتانا چاہئے کہ اس نے آئین میں آرٹیکل 35 اے پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر کیسے شامل کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس نے آئین کو بھی ایک خاندان کی جاگیر بنا کر اس کے ساتھ کھلواڑ کیا۔

 انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے اپنی کرسی بچانے کے لیے ایمرجنسی لگائی، لیکن اس کے بعد انہیں جس قسم کی عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا اسے دیکھ کر اب کسی کو ملک میں ایمرجنسی لگانے کی جرات نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس بی جے پی عوامی بہبود کے لیے تمام آئینی ترامیم لے کر آئی۔ پہلی ترمیم جی ایس ٹی کو لاگو کرکے پورے ملک میں یکساں ٹیکس قانون نافذ کرنا تھا۔ دوسری ترمیم قومی پسماندہ کمیشن کو آئینی درجہ دینے کے لیے لائی گئی۔

 تیسری ترمیم غریبوں کو دس فیصد ریزرویشن دینے کے لیے لائی گئی۔ چوتھی ترمیم میں پسماندگی کی نشاندہی کا حق ریاستی حکومتوں کو دیا گیا، پانچویں ترمیم ماتر شکتی کو پارلیمنٹ اور قانون ساز اسمبلیوں میں 33 فیصد ریزرویشن دینے کے لئے کی گئی۔

شاہ نے الزام لگایا کہ کانگریس نے ہمیشہ ووٹ بینک کی سیاست کو ذہن میں رکھ کر فیصلے کئے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کا احترام صرف تصور میں نہیں بلکہ قول و فعل میں بھی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے انتخابی مہم کے دوران آئین کو لہرا کر اور جھوٹ بول کر انتخابات میں کامیابی حاصل کی جبکہ آئین کا مقصد لہرانا نہیں ہے بلکہ اس کو ضم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کی 75 سالہ تاریخ میں آئین کے ساتھ اتنا دھوکہ کبھی نہیں دیکھا۔ اس دھوکے کی وجہ سے کانگریس تمام انتخابات ہار رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سیکورٹی اہلکار اور فوجی ملک کی ایک انچ زمین کے لیے بھی لڑتے اور مرتے ہیں، جب کہ کانگریس کی حکومت نے کچاتیوو جزیرہ سری لنکا کو دے دیا۔

کانگریس لیڈر راہل گاندھی کا نام لیے بغیر مسٹر شاہ نے کہا کہ کچھ لیڈروں کو اب ریزرویشن کے ذریعے الیکشن جیتنے کا امکان نظر آتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ کانگریس شروع سے ہی ریزرویشن کی مخالف رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کاکا کالیلکر کی رپورٹ کو لائبریری میں رکھ دیاگیاتھا۔

 اگر ان کو مان لیاگیا ہوتا تو منڈل کمیشن کی ضرورت ہی نہ پڑتی۔ اس کمیشن کی رپورٹ کو بھی کانگریس نے روک دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی نے اس رپورٹ کی سخت مخالفت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اب کانگریس ریزرویشن کو 50 فیصد سے زیادہ کرنے کی وکالت کر رہی ہے اور اس کا مقصد مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیکن کانگریس کو یہ نہیں معلوم کہ مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن کو سپریم کورٹ نے مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک پارلیمنٹ میں بی جے پی کا ایک بھی رکن موجود ہے ہم مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن کی اجازت نہیں دیں گے۔ یہ آئین کے خلاف اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنڈت نہرو خود ریزرویشن کے خلاف تھے۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ آئین بھی یکساں سول کوڈ کا حامی ہے۔ انہوں نے کانگریس سے اس سلسلے میں اپنا موقف واضح کرنے کو کہا اور پوچھا کہ کیا وہ مسلم پرسنل لا کی حمایت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ایک مہم چلا کر غلامی کی تمام نشانیوں کو ختم کر کے ملک کو قدیم امیر ورثے اور روایات کے زور پر ترقی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں۔ اسی تسلسل میں چول سلطنت کی علامت سینگول کو نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں نصب کیا گیا۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *