[]
مہر خبررساں ایجنسی نے کہا ہے کہ غزہ کے بعد غرب اردن میں بھی فلسطینیوں کی جانب سے صہیونی فورسز پر حملوں میں بڑی حد تک اضافہ ہوا ہے۔
صہیونی سرکاری چینل نے خبردار کیا ہے کہ مغربی کنارے کی صورتحال بگڑتی جا رہی ہے اور یہ علاقہ جنگ کے مرکزی محاذ میں تبدیل ہو سکتا ہے۔
عربی 21 کے مطابق صہیونی میڈیا نے مغربی کنارے کی کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں حالات خراب ہونے کی علامات واضح طور پر نظر آ رہی ہیں جس سے صہیونی حکومت کے خلاف دوسرا محاذ جنگ وجود میں آسکتا ہے۔
گزشتہ چند دنوں کے دوران فلسطینی اتھارٹی سے وابستہ سیکورٹی فورسز نے غرب اردن کے علاقے جنین میں فلسطینی مقاومتی جوانوں پر حملہ کرتے ہوئے ان کا پیچھا کیا اور کئی افراد کو گرفتار کر لیا۔
دوسری جانب مغربی کنارے میں مقاومتی گروہوں کی سرگرمیاں بدستور جاری ہیں اور اس علاقے میں موجود فورسز مسلسل صہیونی فوجیوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔