[]
مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ عالمی برادری کی خاموشی اور مغربی ممالک کی حمایت کے سایے میں صہیونی حکومت کے غزہ پر حملے مسلسل جاری ہیں۔
صہیونی جنگی طیاروں نے ایک فلسطینی اسکول پر حملہ کیا جہاں پناہ گزین مقیم تھے، جس کے نتیجے میں درجنوں بے گناہ افراد شہید اور زخمی ہو گئے۔ اب تک ملبے سے 17 شہریوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ کئی دیگر زخمی ہیں۔
ذرائع کے مطابق صہیونی فوج شمالی غزہ میں ایک عارضی حفاظتی زون قائم کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے اور اس کے تحت نہ صرف عام شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے بلکہ فلسطینیوں کی مکمل نسل کشی کی جا رہی ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیونی فوجیوں کی دھمکیوں کے باعث شمالی غزہ کے علاقے بیت حانون میں فلسطینی پناہ گزینوں کی آخری پناہ گاہ، خلیل العودہ اسکول کو خالی کروا کر شہریوں کو جنوبی علاقوں میں منتقل ہونے پر مجبور کیا گیا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں کم از کم 4 اسکول جو پناہ گزینوں کے لیے محفوظ پناہ گاہیں تھے، صہیونی حملوں کا نشانہ بنے۔ ان حملوں میں 50 سے زائد بے گناہ افراد شہید ہوئے۔
غزہ کی وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اتوار کی صبح سے رات گئے تک صہیونی فوجیوں کے حملوں میں کم از کم 69 فلسطینی شہری شہید ہو چکے ہیں۔