[]
بنگلور میں سافٹ ویئر انجینئر اتل سبھاش کی خودکشی کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ بنگلور پولیس نے ان کی بیوی نکیتا سنگھانیہ، ساس نشا، اور برادر نسبتی انوراگ کو گرفتار کر لیا ہے۔
نکیتا کو ہریانہ کے گڑگاؤں سے، جبکہ ساس اور سالے کو اتر پردیش کے الہ آباد سے پکڑا گیا ہے۔ تینوں کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔
اتل سبھاش کی خودکشی پورے ملک میں بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے اپنی موت سے پہلے ایک سیلفی ویڈیو اور خودکشی کا نوٹ چھوڑا تھا، جس میں بیوی پر الزام لگایا کہ وہ کسی اور کے ساتھ غیر ازدواجی تعلقات میں ملوث تھیں۔
اتل نے یہ بھی کہا کہ جب انہوں نے طلاق کی درخواست دی تو ان پر جھوٹے کیس بنائے گئے اور انہیں ذہنی طور پر ہراساں کیا گیا۔ ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ بیوی نے ان پر زبردستی جسمانی تعلق قائم کرنے کی کوشش کرنے اور قتل کی کوشش کا الزام لگایا۔
مزید یہ کہ عدالت میں بیوی نے انہیں ہر ماہ 2 لاکھ روپے گزارے کی رقم دینے کے لیے نوٹس بھیجا، جس کی وجہ سے وہ شدید دباؤ میں آ گئے اور خودکشی کر لی۔
اتل کے بھائی کی شکایت پر بنگلور پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کیں اور ملزمین کو گرفتار کر لیا۔